پونچھ //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں محکمہ سماجی بہبود کے افسران کا ایک اجلاس طلب کرکے محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔اس موقعہ پرمحکمہ تعمیرات عامہ اور محکمہ دیہی ترقی کے ضلع و تحصیل افسران بھی موجود تھے ۔میٹنگ کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو جانکاری دی گئی کہ ضلع میں کل 1300آنگن واڑی سینٹر ہیں جن میں35 سنٹر محکمہ کی جانب سے تعمیر کی گئی عمارتوں میں چل رہے ہیں اور دیگر تمام لوگوں کی نجی عمارتوں میں قائم ہیں۔انہیں اس بات سے آگاہ کیاگیاکہ نئی عمارتیں تعمیر کرنے کے لئے محکمہ کی جانب سے اراضی کی نشاندہی بھی کی جا چکی ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے ہدایت دی کی ضلع میں 25 نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ کے افسران کو تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کر نے کی ہدایت دی تاکہ مراکز کو ان میں چلایاجاسکے ۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالحمید شیخ، اے سی ڈی پونچھ زبیر حسین شاہ، سی ڈی پی او پونچھ،ایکس ای این محکمہ تعمیرات عامہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔