پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر کی ہدایت پر تحصیلدار حویلی جہانگیر خان کی قیادت میں گائوں حرمی ڈھکی میں ایک عوامی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں نائب تحصیلدار مجیب الرحمن کے علاوہ محکمہ مال کے گرداوروں اور پٹواریوں نے بھی شرکت کی ۔اس دوران کئی عوامی مسائل کو حل کیا گیااور خصوصی طور پر لوگوں کودرپیش شناختی اسناد ، سٹیٹ سبجیکٹ ، آمدنی سرٹیفکیٹ ، انتقال اور دیگر ضروری کاغذات کے مسائل موقعہ پرہی حل کئے گئے ۔کیمپ میں گائوں سیڑھی خواجہ، سیڑھی چوہانہ، ہاڑی بڈھا، نیڑیاں، بچیاں والی اور نابنا کے بڑی تعدادمیںلوگوں نے شرکت کی اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے عوامی مسائل کے حل کے لئے ان کے علاقے میں کیمپ لگانے کی ہدایت دی ۔مقامی نوجوانوں پرویز احمد ملک اور فاروق راتھر نے کہا کہ اس طرح کا عوامی دربار ہر مہینے دور دراز علاقوں میںلگایا جانا چاہئے تاکہ عوامی مسائل کا گائوں کی سطح پر ہی حل ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ وہ تحصیلدار حویلی جہانگیر خان اور ان کی پوری ٹیم کاشکریہ ادا کرتے ہیں جنہوںنے مسائل کا ازالہ کیاہے ۔