راجوری //محکمہ صحت کی طرف سے ڈینگو کے مثبت نمونے پائے جانے کی خبروں کو مسترد کرنے کے ایک ہفتے بعد ELISAریڈر کو فعال بنانے کے ساتھ راجوری میں ڈینگو کے 15نمونے مثبت پائے گئے ۔ذرائع نے بتایاکہ ELISAریڈر کو فعال بنانے کے بعد پچھلے چند دنوں میں ضلع ہسپتال راجوری میں 66نمونے لئے گئے جن میںسے پندرہ نمونے مثبت پائے گئے ۔تاہم ذرائع نے بتایاکہ ان میںسے کوئی بھی کیس سنجیدہ نوعیت کا نہیںاور ضروری اقدامات کرلئے گئے ہیں ۔قابل ذکر ہے کہ ایک ہفتہ قبل ہی محکمہ صحت نے ان خبروں کی تردید کی تھی کہ راجوری میں ڈینگو کا کوئی کیس پایاگیاہے ۔ ایک مقامی شخص جس کی زوجہ ڈینگو میں مبتلا پائی گئی ہے ، کاکہناہے کہ محکمہ صحت کی طرف سے یہ دعوے تو کئے جارہے ہیں کہ ڈینگو مریضوں کیلئے تمام تر تیاریاں کی گئی ہیں لیکن انہوںنے ہسپتال میں ایسا کچھ نہیں پایا۔دریں اثناء ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے اس سلسلے میں کئے گئے انتظامات کاجائزہ لیا ۔اس سلسلے میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں چیف میڈیکل افسر ، میڈیکل سپرینڈنٹ ضلع ہسپتال ، ایگزیکٹو افسر میونسپل کمیٹی راجوری ، ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای اور دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر ایگزیکٹو افسر منظور لون نے بتایاکہ محکمہ صحت کے ملیریا سیل کے تعاون سے تمام غیر محفوظ علاقوں میں سپرے کیاگیاہے ۔اس دوران لیک کرنے والی پائپوں کو ٹھیک کرنے کیلئے بھی اقدامات کاجائزہ لیاگیا ۔ میٹنگ میں محکمہ پی ایچ ای کے افسران نے بتایاکہ تمام علاقوں میں صاف پانی کی سپلائی کو یقینی بنایاگیاہے ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ لوگوںمیں بیداری مہم چلائی جائے اور ساتھ ہی تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں ۔انہوںنے محکمہ پی ایچ ای کو ہدایت دی کہ ایسی پائپ لائنیں فوری طور پر تبدیل کی جائیں جو نکاسی نالیوںسے ہوکر گزرتی ہیں یا ان میںسے پانی خارج ہورہاہے ۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کی سراہنا بھی کی ۔اس دوران ضلع ہسپتال راجوری میں تمام تر اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ ان کیسوں سے نمٹاجاسکے ۔ اس حوالے سے دس بستروں پر مشتمل ایک علیحدہ وارڈ بھی قائم کیاگیاہے۔عام لوگوںکو پیغام دیاگیاہے کہ وہ خوف کھائے بغیر اپنی قریبی ہسپتال یا ضلع ہسپتال راجوری میںرجوع کرکے اپنا معائنہ کرائیں ۔