پونچھ//گورونانک دیو جی کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں گردوارہ پر بندھک کمیٹی پونچھ کے زیر اہتمام 27اکتوبر سے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلہ میں پونچھ کے تمام گردواروں سے صبح سویرے بر بھات فیریاں بر آمد کی جا رہی ہیں جو کہ مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے دوبارہ اپنے اپنے گرودواروں میں اختتام پذیر ہوتی ہیں۔اس کے علاوہ مقامی گردوارہ کمیٹیوں کی جانب سے خصوصی پروگراموں کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے گرو دوارہ پربندھک کمیٹی پونچھ کے صدر سردار نریندر سنگھ نے بتایا کہ گرونانک دیو جی کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں سب سے بڑی تقریب 4نومبر2017کو گردوارہ سنگھ سبھا پونچھ میں منعقد کی جائے گی جہاں ریاست اور بیرون ریاست کے راگھی جتھے کیرتن کریں گے اور مقررین گرو نانک دیو جی کی زندگی کے مختلف گوشوئوں پر روشنی ڈالیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پورے ضلع کے گردواروں میں تقریبا ت منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں3نومبر کو مہا نگر کرتن گردوارہ سنگھ سبھا سے نکالا جائے گا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا احاطہ صاحب پونچھ میں اختتام پذیر ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس نگر کیرتن میں ضلع پونچھ کے تمام علاقوں کے لوگ شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ پونچھ کے تمام عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ان تمام پروگراموں میں شرکت کر یں ۔