راجوری //جموں وکشمیر پہاڑی جوائنٹ فرنٹ کے زیر اہتمام دستخطی مہم تیسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے ۔ یہ مہم اس لئے شروع کی گئی ہے تاکہ مرکزی و ریاستی حکومت پر دبائو بنایاجائے اور پہاڑی طبقہ کو شیڈیول ٹرائب کادرجہ دلایاجائے ۔ تیسرے مرحلے کے تحت مہم پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری میں چلائی گئی جہاں بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے چیئرمین جموں وکشمیر پہاڑی جوائنٹ فرنٹ سید شاداب نے کہاکہ گوجر منڈی اور ٹائون ہال میں کامیابی سے اختتام کے بعد یہ مہم اب تیسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس مہم کا مقصد پہاڑی طبقہ کیلئے شیڈیول ٹرائب کے درجہ کیلئے جدوجہد کرناہے جس کا بارہا مرکز ی اور ریاستی حکومتوں نے وعدہ کیا اور یقین دہانیاں دی گئیں ۔اس موقعہ پر نوجوان لیڈرتعظیم ڈار نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اپنے اس اعلان پر عمل درآمد کرے جو اس نے اپنے کم از کم مشترکہ پروگرام میں کیاتھا کہ پہاڑی طبقہ کو شیڈیول ٹرائب کادرجہ دیاجائے گا۔ اس دوران عبدالرحمن ، شاداب ملک ، عرفان ملک ، انتخاب احمد ،ثاقب علی اور دیگران بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر عامر خان ،ہارون لون ، ارسلان ملک اور مصطفی خان نے حکومت کو انتباہ دیاکہ وہ پہاڑی طبقہ کو احتجاج کرنے پر مجبور نہ کرے ۔ انہوںنے کہاکہ آج تک پہاڑی طبقہ پرامن طریقہ سے اپنے مطالبہ کو تسلیم کرنے کیلئے جدوجہد کرتارہاہے لیکن اب وقت آگیاہے کہ اگر مطالبہ پورا نہ کیاگیاتو وہ احتجاج کاراستہ اختیار کریںگے ۔انہوںنے کہاکہ وہ اس مانگ کو پورا کروانے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کوتیار ہیں ۔