منجاکوٹ //تحصیل منجاکوٹ کا کلالی علاقہ وسیع علاقہ پر پھیلا ہواہے جہاں بہت بڑی آبادی بس رہی ہے تاہم مقامی لوگوں کو آج بھی بنیادی سہولیات اور خاص طور پر سڑک رابطے سے محروم رکھاگیاہے ۔ کلالی سڑک کی تعمیر بہت عرصے پہلے ہوئی شروع ہوئی تھی لیکن سڑک کا فائدہ کچھ ہی لوگوں کو پہنچاہے اور اس کی حالت اس قدر بگڑگئی ہے کہ گاڑی کا چلنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔نہ ہی حکومت اس جانب کوئی توجہ دے رہی ہے اور نہ ہی متعلقہ حکام ۔مقامی لوگوں نے حکومت کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑک کی حالت دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے ۔ ایک مقامی شخص نے بتایاکہ سابق وزیر صحت نے کلالی سڑک کی مرمت کا کام کروایا تھا اور کچھ کلومیٹر بلیک ٹاپ کا کام بھی ہوا جس سے لوگوں میں اور خاص کر طلباء میںخوشی کی لہر جاگ اٹھی لیکن اس کے بعد سڑک کی جانب کسی نے آنکھ اٹھانا بھی گوارہ نہیں سمجھاجس کے نتیجہ میں لوگوں خاص طور پر طلباء کو مشکلات کاسامناہے اور بیمار لوگ بھی کئی کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرتے ہیں ۔ایک طالب علم نے بتایا کہ سڑک پر دھول ہونے کے سبب انہیںروزانہ اپنی وردیوں کو دھونا پڑتا ہے اورساتھ میں گاڑی نہ چلنے کی وجہ سے وہ وقت پر سکول بھی نہیں پہنچ پاتے ۔انہوں نے کہا کہ آفیسران کے وعدے بھی زمینی سطح پر کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے اپیل کی کہ اس سڑک کاکام شروع کرکے مکمل کیاجائے ۔