راجوری//چیئرمین ضلع ہیلتھ سوسائٹی راجوری (ڈپٹی کمشنر )ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے اس بات کا اعلان کیاہے کہ ضلع انتظامیہ ضلع ہسپتال راجوری میں ڈرگ ڈی ایڈیکشن سنٹر کاقیام عمل لانے جارہی ہے جس کیلئے 20 لاکھ وپے پہلے سے ہی رکھے گئے ہیں ۔محکمہ صحت کی کارکردگی کاجائزہ لینے کیلئے منعقد کی گئی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ضلع سے منشیات کا خاتمہ ضروری ہے اور اس سلسلے میں یہ مرکز اہم رول اداکرے گا۔اس موقعہ پر چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر سریش شرما نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ نبارڈ کے تحت 1.96کروڑ کی لاگت سے 6 کام جاری ہیں جن میں ڈڈاج میں ایک پرائمری ہیلتھ سنٹر اور موہڑہ دراج اور سموٹ میں دو این ٹی پی ایچ سی بنائے جارہے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ سرولہ ، نہار کسی ، پریالی ، ڈنڈیسر ، پوٹھہ ، بروہ ، حبی کلر ، ہرتھل اور ڈھارکری میں اسی مالی سال کے دوران سب سنٹروں کی تکمیل کا ہدف رکھاگیاہے ۔ڈپٹی کمشنر نے غیر ضروری طور پر تعطل کاشکار بنائے گئے پروجیکٹوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سی ایم او کو ہدایت دی کہ وہ ایسی عمارتوں کی ایک فہرست تیار کریں تاکہ افسران اور متعلقہ ایجنسیوں پر ذمہ داری عائد کی جاسکے ۔انہوںنے سی پی او کو ہدایت دی کہ وہ ان عمارتوں کی تعمیر کا تکنیکی طور پر جائزہ لیں ۔اس دوران یہ فیصلہ لیاگیاکہ بلاک میڈیکل افسران محکمہ کی جائیداد کا محکمہ مال کے ریکارڈ میں اندراج یقینی بنائیںگے تاکہ اسے تحفظ مل سکے اور ناجائز قبضہ نہ ہونے پائے ۔ڈپٹی کمشنرنے افسران کی اٹیچ منٹ پر برہمی کااظہار کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ وہ ایسے تمام ملازمین کی فہرست ایک دن کے اندر اندر پیش کریں تاکہ قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر نے سہولیات کی فراہمی کاجائزہ بھی لیا ۔ میٹنگ میں سی پی او عبدالحمید ، میڈیکل سپرینڈنٹ محمود حسین بجاڑ ، ڈپٹی سی ایم او ڈاکٹر انیس اے نبی ، ڈاکٹر محمد انور ، تمام بلاک میڈیکل افسران بھی موجود تھے ۔