سرنکوٹ//نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق احمد بخاری نے کہاہے کہ پی ڈی پی اور بھاجپا کا راج زیادہ دیر تک نہیں چلے گااور یہ کہ ریاست کے خصوصی تشخص کومٹانے کی کوششیں ہورہی ہیں تاہم ان کو کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا۔سرنکوٹ کے میدانہ علاقے میں کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ نیشنل کانفرنس جموں کشمیر کی خصوصی پہچان کو ہر گز مٹنے نہیں دے گی اور ریاست کی تقسیم کی سازشیں کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے پہلے بھی ریاست کی خاطر قربانیاں دی ہیں اورآئندہ بھی یہ جماعت اوراس کا ہر ایک کارکن ریاست مخالف پالیسیوں کے خلاف کھڑاہوگا۔ بخاری نے کہاکہ ریاست میںناگپور کی پالیسیاں چلائی جارہی ہیں جو ہر گز قابل قبول نہیں ۔انہوںنے فاروق عبداللہ کو ایک بار پھر تنظیم کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے سرنکوٹ کے لوگ پارٹی پر اعتماد رکھتے ہیں اور انہیں قائد ثانی کی قیادت پر بھروسہ ہے ۔انہوںنے سرینگر میں ہوئے ڈیلیگیٹ اجلاس کو تاریخی قرار دیتے ہوئے پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے جس کیلئے کارکنان کو محنت و ایمانداری سے کام کرناہوگا۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی اور بی جے پی کا راج زیادہ دیر تک چلنے والانہیں اور بہت جلد نیشنل کانفرنس کی حکومت قائم ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ این سی ہی ریاست کے ہر ایک خطے کی نمائندگی کرسکتی ہے۔اس موقعہ پر بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی ۔