ڈیلی ویجروں کی مستقلی جھوٹ کاپلندہ :عبدالغنی وکیل
جموں//جموں وکشمیربچائوتحریک کے صدراورسابق وزیرعبدالغنی وکیل نے ریاستی سرکارکی طرف سے 60ہزار ڈیلی ویجروں کوباقاعدہ بنانے کے اعلان کوایک بھدامذاق اورجھوٹ کاپلندہ قراردیاہے۔ یہاں جاری پریس بیان مین جموں کشمیربچائوتحریک کے صدر عبدالغنی وکیل نے کہاکہ سرکارکے شائع کردہ سرکیولرکے مطابق ڈیلی ویجروں کوباقاعدہ نہیں بنایابلکہ کنسالیڈیٹڈ ویجزدے رہی ہے جوجھوٹ کے ساتھ غریب نوجوانوں کے ساتھ حدسے زیادہ بے انصافی ہے۔انہوں نے پرزورمطالبہ کیاکہ سرکارڈیلی ویجروں کوباقاعدہ بنانے کیلئے اپنے وعدہ پرقائم رہے ۔عبدالغنی وکیل بڑی براہمناں میں پارٹی کے یکروزہ کنونشن سے خطاب کررہے تھے جس کی صدارت تحریک کے سرپرست گل چین سنگھ چاڑک نے کی۔انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جموں وکشمیربچائو تحریک ریاست سے خاندانی راج ،کورپشن اورہرقسم کی بے انصافی ختم کرنے کیلئے سامنے آئی ہے اورعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم اورپاک مشن پرہمارابھرپور ساتھ دیں کیونکہ خاندانی راج اورکورپشن ریاست میں ہرسیکٹرکوتباہی کے دھانے تک پہنچانے کیلئے ذمہ دارہے۔
کلریکل کوآرڈی نیشن کمیٹی کااجلاس
جموں//کلریکل کوآرڈی نیشن کمیٹی جموں کااجلاس منعقدہواجس میں مختلف محکموں کے کلریکل کیڈرملازمین نے حصہ لیا۔اس دوران میٹنگ سے خطاب کرنے والوں میں نذیراحمدبٹ، عمرجان ، جگدیش ٹھاکر، اجیت سنگھ، کرپال سنگھ ، رنبیرسنگھ، وجے ٹھسو ،جاویداقبال، جگدیش شرما ، قمرعلی ،راجیش کول ،رینورینہ ،سوربھ بالی ، کیول کرشن، گرویندرکور ودیگران نے خیالات کااظہارکیا۔اس دوران شرکاء نے کلریکل کیڈرملازمین کے مسائل کے تئیں بے رخی پرتشویش کااظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ 25دسمبر 2016کو ایس کے آئی سی سی سرینگرمیں کلریکل کیڈرملازمین کی کنونشن منعقدہوئی تھی جس میں کلریکل ملازمین کے مسائل ومطالبات بشمول تنخواہوں میں تفاوت دورکرنے کاپرزورمطالبہ کیاگیاتھالیکن حکومت اس سلسلے میں کوئی بھی اقدامات نہیں اٹھارہی ہے۔
ایس بی ایم ملازمین کے جائزمطالبات پورے کئے جائیں:تاریگامی
جموں//سی پی آئی (ایم ) کے لیڈراورایم ایل اے کولگام محمدیوسف تاریگامی نے مرکزی معاونت کی سکیم ساکشرتابھارت مشن کے تحت تعینات کومستقل کرنے اور ان کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کامطالبہ کیاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ایس بی ایم(ساکشربھارت مشن) کے تحت ملازموں کومستقل کرنے کے بجائے ان کی مانگوں کونظرانداز کررہی ہے جوکہ بدقسمتی کی بات ہے۔ تاریگامی نے کہاکہ ایس بی ایم سکیم کے تحت سینکڑوں ملازمین تعینات کیے ہیں جواپنے فرائض تندہی سے انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہایہ ورکرتعلیم یافتہ اورباہنرہیںاس لیے حکومت کوان کے جائزمطالبات بلاتاخیرپورے کرنے چاہئیں۔قابل ذکرہے کہ سکولوں میں ایس بی ایم کے تحت مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل نے ستمبر2009میںسینکڑوں ملازمین تعینا ت کئے ہیں لیکن ان کی تنخواہوں پرنظرثانی نہیں کی ہے۔
ایم جی نریگا عارضی ملازمین کامظاہرہ
جاب پالیسی تشکیل دینے کی مانگ
جموں//محکمہ دیہی ترقیات میں ایم جی نریگاکے تحت 2014سے تعینات عارضی ملازمین کااحتجاج سوموارکے روزبھی جار ی رہا ۔اس دوران مظاہرین نے حکومت سے2014سے ایم جی نریگاکے تحت ملازمین کیلئے جاب پالیسی تشکیل دینے ، تنخواہوں کی وقت پرادائیگی، تنخواہوں میں اضافہ اوریقین دہانیوں پرعملدرآمدیقینی بنانے کامطالبہ کیا۔اس دوران مظاہرین نے حکومت پرمنریگاملازمین کے مطالبات کے تئیں لیت ولعل کی پالیسی اختیارکرنے کاالزام لگایا۔انہوں نے کہاکہ اس وقت وزیر دیہی ترقی نے ان کے مطالبات کوتسلیم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ سرکارانکے مطالبات پورے کرانے کیلئے پوری طرح سے کوششیں کررہی ہے ۔لہذامنریگا ملازمین حکومت کی جانب سے ان مطالبا ت کی عمل آوری کاانتظار کریں جس کیلئے حکومت نے ایک ماہ کاوقت مانگاتھا ۔انہوں نے کہاکہ میٹنگ میں منریگاایسوسی ایشن پرزوردیا گیاتھاکہ وہ احتجاج کاپروگرام ترک کریں اوربعدمیں وزیرموصوف کی یقین دہانی کے بعدمنریگاملازمین نے چارفروری کودی گئی کام چھوڑہڑتال موخرکردی لیکن حکومت اپنے اس وعدے کوعملانے میں ناکام ہوگئی ہے جبکہ مہینوں گزرجانے کے باوجودبھی حکومت نے اس معاملے کوالتوامیں ڈال دیااوراب سرکاربھی اس حساس معاملے پرخاموش نظرآرہی ہے ۔
خانہ بدوش گوجروں اورگدیوں کی طرف توجہ دینے کامطالبہ
جموں //جموں وکشمیر کے خانہ بدوش گوجروں کو درپیش سخت مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے اس طبقہ کے ممبران نے ٹرائبل ریسرچ اینڈ کلچرل فائونڈیشن کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام میں کہا کہ خانہ بدوش گوجروں اور گدیوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کی جانب خصوصی توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ یہ لوگ بھی سماج کے دوسرے طبقوں کے ساتھ خوش حال زندگی بسر کر سکیں ۔ پروگرام کی صدارت نامور گوجر سکالر ڈاکٹر جاوید راہی نے کی۔اس موقعہ پر کافی تعداد میں ٹرائبل طلبا ء ، سکالر اور معزز اشخاص بھی موجود تھے۔ڈاکٹر جاوید راہی نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ گوجروں ، بکروالوں اور گدیوں کی آبادی کا ایک بڑا حصہ ابھی تک غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے اور حکومتوں کی جانب سے وقت وقت پر شروع کی گئی فلاحی سکیموں سے ان طبقوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ان لوگوں کا معیار حیات بہتر بنانے کے لئے ایک سروے کیا جائے تاکہ مستحق لوگوں کو حکومت کی طرف سے شروع کی گئی فلاحی سکیموں سے فائیدہ مل سکے۔
این سی پی کے زیراہتمام کرسمس تقریب
جموں//این سی پی کی این ایس سی سٹوڈنٹ ونگ نے عیسیٰ علیہ السلام کے یوم پیدائش کے سلسلے میں کرسمس کاتہوارجوش وجذبے کے ساتھ منایا۔اس سلسلے میں رکن نیشنل ایگزیکٹیوکونسل انجینئررشی کول کلم نے جیسس(عیسیٰ مسیح) کی تعلیمات پرتفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ عیسیٰ مسیح عظیم مبلغ اوراللہ کے نبی تھے ۔این ایس سی کارکنان نے موم بتیاں جلاکردعائیں مانگیں اور طلباء میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔ تقریب کے اختتام پرانجینئررشی کول کلم نے امیدظاہرکی کہ کرسمس کاتہوارہم سب کیلئے پیار،امن اوربھائی چارے کاپیغام لے کرآئے گا۔
کویندرگپتا نے چٹھا میں کلوٹ کا افتتاح کیا
جموں؍قانون ساز اسمبلی کے سپیکر اور ایم ایل اے گاندھی نگر کویندر گپتا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ریاست کو ترقی کی نئی ڈگر پر گامزن کرانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ علاوہ ازیں گاندھی نگر حلقے میں بھی لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے کئی پروجیکٹ عملائے جارہے ہیں۔چٹھا گائوں میں 11.5لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے کلوٹ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ حکومت اس حلقے میں سڑ ک رابطوں کو فروغ دینے کے لئے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔ اس موقعہ پر وکر م رندھاوا بھی ان کے ہمراہ تھے۔سپیکر نے ضرورت مند لوگوں میں راشن کارڈ بھی تقسیم کئے۔انہوںنے علاقے میں لوگوں کی سہولیت کے لئے ایک نیا ٹرانسفارمر نصب کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں 18اور 15کروڑ روپے کے دو پروجیکٹ منظور کئے گئے ہیں جن پر کام عنقریب شروع ہوگا۔اس دوران ایم ایل سی وکر م رندھا وا نے بھی خطاب کیااور لوگوں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی عمل میں شریک ہونے کے لئے آگے آجائیں۔کئی مقامات پر لوگوں نے انہیں درپیش مشکلات سے سپیکر موصوف کو آگاہ کیا۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ حکومت ان مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرے گی۔
اگنائیٹ ایوارڈ حاصل کرنے والے اِقرار رشید کی عزت افزائی
حکومت نوجوان کی صلاحیتوں کوبروئے کارلانے کی خواہاں: بخاری
جموں/تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے ہائیر سیکنڈری سکول بیروہ بڈگا م کے گیارہویں جماعت کے طالب علم اِقرار رشید کو اے پی جے عبدالکلام آزاداگنائیٹ ایوارڈ سے نوازے جانے پر آج ان کی عزت افزائی کی۔وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیرمیں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اور یہاں کے نوجوان مناسب رہنمائی ملنے پر قومی اور بین الاقوامی سطح پر کار ہائے نمایاں انجام دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے نوجوانوں کو ایک صحیح سمت دینے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ اپنے مقاصد پورے کر سکے۔دریں اثنا سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے اس طالب علم کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست کے طلاب کے لئے مختلف پروگراموں پر مشتمل ایک کیلنڈر تیار کیا ہے تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح جدید تعلیم کے مواقع دستیاب ہوسکیں۔ناظم تعلیم کشمیر جی این ایتو نے طلاب سے کہا کہ وہ اِقرار رشید جیسے طلاب سے ترغیب حاصل کرکے زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھیں ۔انہوں نے محکمہ کی طرف سے مقابلہ جاتی امتحانات میں شامل ہونے والے طلاب کے لئے دستیاب سہولیات کا تفصیل سے ذکر کیا۔
حکومت کھیل ڈھانچوں کی ترقی کی وعدہ بند : لال سنگھ
جموں/جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور اس دوران دیہی علاقوں کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار یہاں پریڈ گرائونڈ میں ہوم گارڈس ، سول ڈیفنس ، ایس ڈی آر ایف، ایس سی اے اور جے اینڈ کے سٹیٹ سپورٹس کونسل کی طرف سے خواتین کے لئے دس روزہ چیف منسٹرس ٹی ۔ ٹونٹی پرائمر لیگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ لیگ 16دسمبر کو شروع ہوئی تھی اور آج اختتام پذیر ہوئی۔ ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید ، ڈائریکٹر سوشل فارسٹری اشونی گپتا، سیکرٹری سپورٹس کونسل وحید پرہ ، ڈائریکٹر جنرل کمانڈنٹ جنرل ایس ڈی آر ایف دلباغ سنگھ کے علاوہ مختلف محکموں کے کئی اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجو دتھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس طرح کے کھیل مقابلے منعقد کرانے کے لئے وزیر نے متعلقین کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں سے مختلف ثقافتوں اور روایات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مابین دوستانہ رشتے مضبوط ہوجاتے ہیں۔لال سنگھ نے ان اقدامات کا تفصیل سے ذکر ہے جو ریاستی حکومت خاص طور سے دیہی علاقوں اور دور افتادہ علاقوں میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے اٹھا رہی ہے تاکہ یہاں کے کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوںمیں شرکت کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے تاہم اس ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لئے نوجوانوں کو ایک موقعہ فراہم کیا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کھیلوں کے ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے کئی بڑے پروجیکٹ عملائے جارہے ہیں۔بعد میں وزیر اور ڈی جی پی جے اینڈ کے پولیس نے جیتنے والی ٹیم میں مومنٹوز اور انعامات تقسیم کئے۔
شام چودھری کے ہاتھوںاکھنو ر میں پسنجر شیڈ کا افتتاح
جموں/صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے اکھنور میں 9.5لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے پسنجر شیڈ کا آج افتتاح کیا ۔ ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما، ایم ایل اے اکھنور راجیو شرما، ایم ایل اے کھوڈ ڈاکٹر کرشن لال بھگت بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس شیڈ میں لوگوں کی سہولیت کے لئے تمام تر سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی سرکار نے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئی ایک سکیمیں شروع کر رکھی ہیں ۔انہوںنے متعلقین پر زوریا ہے کہ وہ ان سکیموں کے فوائد کے بارے میں لوگوںمیں بیداری کریں۔وزیر نے کہا کہ حکومت نے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو باقاعدہ بنانے کا عمل شروع کیا ہے اور ان کے مشاہرے میں اضافہ بھی کیا جارہا ہے۔انہوں نے ان ملازمین کو مبارک باد دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کرکے عوام کی خدمت کریں۔ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما نے اس موقعہ پر حکومت کی طرف سے جموں ، پونچھ پارلیمانی حلقے کی ترقی کے لئے کئے جارہے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں ۔ اکھنور ۔ پونچھ چار گلیاروں والی سڑک پر کام جلد ہی شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرکوال کو جوڑنے کے لئے چناب دریا پر پل کی تعمیر کا کام بھی شروع کیا جائے گا۔ اس موقعہ پر ارکان اسمبلی نے بھی خطاب کیا گیااور اپنے اپنے حلقوں کے مختلف سیکٹروں کی حصولیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔
ضلع جیل امپھلا میں سہیوگ انڈیا کے تحت تقریب
جموں/کرسمس تقریبات کے سلسلے میں پولیس نے ڈسٹرکٹ جھیل امپھلا میں جیلخانہ محکمہ جات کے اشتراک سے سہیوگ انڈیا پروگرام منعقد کیا۔ اس پروگرام میں پولیس افسروں سے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر موسیقی کا ایک پروگرام بھی پیش کیا گیا ۔تقریب پر جیسس کرائسٹ کی زندگی کے مختلف پہلوئوں کو اُجاگر کیا گیا ۔ تقریب سے جیل سپرانٹنڈنٹ دھنیش شرما ، ڈاکٹر ڈی آر کپور ، جی آر بھگت ، ٹھاکر جگدیو سنگھ منہاس نے بھی خطاب کیا۔ جیل میں موجود قیدی ثقافتی پروگرام سے محظوظ ہوئے اور انہوں نے اس طرح کے پروگرام مستقبل میں بھی منعقد کرانے کی بھی درخواست کی۔
شمبھو ناتھ کھجوریہ کی گورنر کے ساتھ ملاقات
جموں/باڈر ائیریاپیس مشن کے چیئرمین اور ایک پدم شری ایوارڈ یافتہ شمبھو ناتھ کھجور یہ نے یہاں راج بھون میں گورنر کے ساتھ ملاقات کی۔شمبھو ناتھ کھجوریہ 1972ء سے پونچھ کے سرحدی لوگوں اور حفاظتی عملے کے درمیان بہتر تال میل اور آپسی روابط بنانے میں ایک اہم رول ادا کرتے آئے ہیںنے گورنر کو سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کے مختلف مشکلات کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے شمبھو ناتھ کھجوریہ کے کام کو سراہا اور ان پر زور دیا کہ وہ تن دہی اور لگن کے ساتھ اپنی کاوشیں جاررکھیں۔
روہت کنسل نے ایسٹیٹ کوارٹروں کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا
جموں/وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے مٹھی ، سروال ، نیو بی سی روڑ اور اولڈ بی سی روڑ میں مختلف سرکاری کوارٹروں کا دورہ کیا اور وہاں ایسٹیٹ محکمہ کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں اضافی بلاک تعمیر کرنے کی مجوزہ جگہ کا بھی دورہ کیا۔ انہیں بتایاگیا کہ 53کروڑ روپے لاگت والے اس پروجیکٹ کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔روہت کنسل نے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ ان پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کویقینی بنائیں۔مٹھی میں انہوںنے 72فلیٹوں کا معائینہ کیا جنہیں ایسٹیٹ محکمہ نے جے ڈی اے سے 17کروڑ روپے کے عوض خریدا ہے۔ انہوں نے سروال میں 28نئے فلیٹ تعمیر کرنے کے کام کا بھی معائینہ کیا جن کا سنگ بنیاد وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے رکھا تھا۔اس موقعہ پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جموں کمار راجیورنجن کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی تھے۔
’بنیادی سطح کی تعلیم ، مسائل اور حل‘
جموں کشمیر اینڈ لداخ ٹیچرزفیڈریشن کے زیراہتمام سیمینار
جموں//آل جموں کشمیر اینڈ لداخ ٹیچرزفیڈریشن جو کہ اے بی ایس آرایم ریاسی یونٹ کے ساتھ منسلک ہے، کی جانب سے ،بنیادی سطح کی تعلیم ، مسائل اور ان کا حل ، سے متعلق ایک روزہ سیمنار کا اہتمام کیا گیا۔اے جے کے ایل ٹی ایف کے ریاستی صدردیو راج ٹھاکر نے اس سیمنار کا افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر نامور ماہرین تعلیم اور ریاسی زون کے اساتذہ بھی موجود تھے۔اس سیمنار کا مقصدتعلیم کے میدان میں پیش آرہی دشواریوں کو دور کرنے کے لئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم تیار کرنا تھا ۔دیو راج نے کہا کہ موجودہ وقت میں تعلیم کے نظام کو بہتر بنانے کی جانب خصوصی توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے اور اس کے لئے ہم سب کو متحد ہو کر کوششیں کرنا ہوں گی۔
Contents
ڈیلی ویجروں کی مستقلی جھوٹ کاپلندہ :عبدالغنی وکیلکلریکل کوآرڈی نیشن کمیٹی کااجلاسایس بی ایم ملازمین کے جائزمطالبات پورے کئے جائیں:تاریگامیایم جی نریگا عارضی ملازمین کامظاہرہجاب پالیسی تشکیل دینے کی مانگخانہ بدوش گوجروں اورگدیوں کی طرف توجہ دینے کامطالبہاین سی پی کے زیراہتمام کرسمس تقریب کویندرگپتا نے چٹھا میں کلوٹ کا افتتاح کیااگنائیٹ ایوارڈ حاصل کرنے والے اِقرار رشید کی عزت افزائیحکومت نوجوان کی صلاحیتوں کوبروئے کارلانے کی خواہاں: بخاری حکومت کھیل ڈھانچوں کی ترقی کی وعدہ بند : لال سنگھشام چودھری کے ہاتھوںاکھنو ر میں پسنجر شیڈ کا افتتاح ضلع جیل امپھلا میں سہیوگ انڈیا کے تحت تقریب شمبھو ناتھ کھجوریہ کی گورنر کے ساتھ ملاقات روہت کنسل نے ایسٹیٹ کوارٹروں کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا’بنیادی سطح کی تعلیم ، مسائل اور حل‘جموں کشمیر اینڈ لداخ ٹیچرزفیڈریشن کے زیراہتمام سیمینار