جموں//سرمائی راجدھانی جموں میں مختلف محکموں کے عارضی ملازمین اپنی مانگوں کولیکرسڑکوں پرہیں لیکن ا س کے باوجودحکومت ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے اورپولیس طاقت کااستعمال کرکے ان کے احتجاجی مظاہروں کوناکام بنانے کیلئے کوشاں ہے۔تفصیلات کے مطابق ایم جی نریگاکے عارضی ملازمین گذشتہ 16دنوں سے مسلسل احتجاج کرتے ہوئے جاب پالیسی تشکیل ،این ایچ ایم ملازمین اورساکشربھارت مشن کے تحت خدمات کی مستقلی کیلئے سراپااحتجاج ہیںاورہرروزریلیاں نکال کراپنی مانگوں کواُجاگرکرتے ہیں۔این ایچ ایم ملازمین کی ہڑتال گذشتہ سات دنوں سے جاری ہے ،پہلے این ایچ ایم ایسوسی ایشن نے پہلے تین دن کی کام چھوڑہڑتال شروع کی جس کوتیسرے دن مزیدتین دنوں کیلئے بڑھادیا،اورمزید72گھنٹے گذرنے کے بعدبھی حکومت نے جب توجہ نہیں دی توانہیں مزید3دنوں کیلئے ہڑتال میں توسیع کرناپڑی۔اس کے علاوہ کنٹریکچول لیکچراربھی مستقلی کی مانگ کولیکرگذشتہ سات آٹھ مہینوں سے سراپااحتجاج ہیں۔قابل ذکرہے کہ عارضی ملازمین کے مظاہروں میں 21دسمبرکو60ہزارعارضی ملازمین کی مستقلی کیلئے جاری ہوئے نوٹیفکیشن کے بعدشدت آئی ہے۔این ایچ ایم ایمپلائزایسوسی ایشن کے نائب صدرڈاکٹرارون نے کہاکہ مارچ میں ہم نے پندرہ دنوں کی ہڑتال کی تھی اوریقین دہانی کے بعداسے ختم کیاتھالیکن نوماہ گذرنے کے باوجودجب ہماری مانگیں پوری نہیں کی گئیں توہمیں مجبوراً سڑکوں پرآناپڑاہے۔