جموں//کانگریس خواتین ونگ کی قومی صدر سشمتا دیوی نے مرکزی اور ریاستی سرکاروں کو ہر محاذ پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی عزت و آبرو کے ساتھ ساتھ ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر قدغن لگانے کی جانب کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔ یہاں منعقدہ ایک روزہ مہیلا کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں خواتین کے خلاف جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، حال ہی میں کٹھوعہ میں ایک 8سالہ بچی کا زیادتی کے بعد قتل کئے جانے کو موجودہ حکومت کے ماتھے پر ایک بدنما کلنک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی سربراہی ایک خاتون کررہی ہیں لیکن اس کے باجوود جموں کشمیر میں ایسے افسوسناک واقعات پیش آ رہے ہیں جو کہ قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران بی جے پی نے خواتین کو سیکورٹی فراہم کرنے کے نام پر ووٹ بٹورے تھے لیکن جب سے مرکز میں مودی حکومت بنی ہے عورتوں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیاں کم ہونے کے بجائے بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ سرحدی حالات پر اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے سشمتا دیوی نے کہا کہ سرحد پار سے آئے دن گولے برسائے جا رہے ہیں جس سے ہمار جوان اور عام شہری ہلاک ہوتے جا رہے ہیں جب کہ یوپی اے کے دور حکومت میں سرحد پوری طرح سے پر امن تھی، لوگ چین سے روز مرہ کا کاروبار کر رہے تھے۔ جموں کشمیر کے بگڑتے حالات اور سرحدی کشیدگی کو مودی حکومت کی ناکام پالیسیوں کا ثمرہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار کے تمام دعوئے زبانی جمع خرچ ثابت ہوئے ہیں۔کانگریس پردیش صدر غلام احمد میر کے علاوہ شام لال شرما، رگزن جورہ، رمن بھلہ ، رویندرشرما، شبیر خان اور دیگران نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔