جموں// وزیرا علیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹونے کل یہاں امر سنگھ کلب میں منعقدہ ایک تقریب پر پروفیسر بی ایل کول کی تحریر کردہ ’’ مائی کشمیر اِن پیس اینڈ ٹربلنز‘‘ کتاب کا اجرا کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے مشیر نے پروفیسر کول کی محنت اور لگن کی ستائش کی۔ انہوں نے پروفیسر کول کی اس کتاب کو جلاوطنی میں ادب کاایک شاہپارہ قرار دیا۔انہوںنے کہا کہ مصنف نے اس کتاب کو لکھ کر ایک عظیم کام انجام دیا ہے جس کی ستائش ہر ایک ادب کے ساتھ وابستہ فرد کرے گا۔مٹو نے کہا کہ مفکروں اور ماہر ین تعلیم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ماضی اور حال کے تجربات کو ضبط تحریر میں لاکر آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ کریں۔وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی جموں پروفیسر انجو بھسین نے پروفیسر کول کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی آسان کام نہیں ہے کہ ایسے نازک موضوع پر مفکرانہ ، مدبرانہ کاوشوں کا اظہار کیا جاسکے۔ سابق چیف ویجی لنس کمیشن کلدیپ کھڈانے بھی پروفیسر کول کی کتاب کی تعریف کی۔ سابق چیف سیکرٹری وجے بقایا کے علاوہ کئی معزز شخصیات اس موقعہ پر موجود تھیں۔