جموں//عالمی یوم جذام کے سلسلہ میں شاہین سپورٹس سنڈیکیٹ نے بھگوتی نگر میں واقع کشٹ آشرم میں ایک تقریب کا اہتمام کیاجس میں کوڑھ بیماری کی روکتھام کے بارے میں بیداری پیدا کی گئی نیز مریضوں میں برتن اور اونی کپڑے تقسیم کئے ۔سابق ایس ایس پی اور فٹ بال ایسو سی ایشن کے ضلع صدر شیخ محمود ا س موقعہ پر مہمان خصوصی تھے جب کہ پرنسپل برائٹ کینڈل ہائی اسکول مینا کمل گپتا اور سابق صدر بنک آفیسرز ایسو سی ایشن ظہور احمد خان مہمانان ذی وقار کے طور پر موجود تھے۔ چیئر مین شاہین سپورٹس سنڈیکیٹ شوکت احمد خانیاری نے کہا کہ وہ رسول پاکؐ نے ہمیںانسانیت کی خدمت کرنے کا درس دیا تھا، ہم آپؐ کے بتائے ہوئے راستہ پر چلتے ہوئے متاثرین کیلئے کام کرنے کا عزم کئے ہوئے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ وہ لوگ جذام کے مریضوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کے لئے سرینگر سے جموں آئے ہیں اور مستقبل میں بھی لوگوں کو اس مرض کے بارے میں جانکاری دینے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرض کے بارے میں نہ صرف مریضوں ، بلکہ عام لوگوں میں بھی کئی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں جنہیں دور کئے جانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ سنڈیکیٹ نے ریاست کے طول و عرض میں سماجی خدمات کا تہیہ کیا ہوا ہے اور یہ عزم ہمیں سرینگر سے جموں لے کر آیا ہے ۔ خانیاری نے جموں کشمیر بنک کی طرف سے کی جانے والی سماجی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے بنک کی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کی دعا کی۔ انہوں نے مہاتما گاندھی کو ان کی سماجی خدمات کیلئے خراج پیش کرتے ہوئے یاد دلایا کہ آنجہانی نے ملک بھر میں کوڑ ھ سے متاثرہ افراد کیلئے ایک مہم چلائی تھی ، اس کے علاوہ انہوں نے سنڈیکیٹ کو مالی تعائون دینے والے حضرات کے تئیں تشکر کا اظہار کیا۔ سنڈیکیٹ کے سیکرٹری محمد فاروق متو اور رمیش ڈوگرہ نے ان تمام ڈاکٹروں اور سماجی کارکنان کا بھی شکریہ ادا کیا جو ان مریضوں کیلئے کام میں ہاتھ بٹا رہے ہیں۔