ڈاکٹر سنجیو کمار نے ڈائریکٹر شیٖپ ہسبنڈری جموں کا عہدہ سنبھالا
جموں؍ ؍ محکمہ شیپ ہسبنڈری جموںمیں جوائنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ڈاکٹر سنجیو کمار نے گزشتہ روز ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں کے عہدے کا چارج سنبھالا۔ پنجاب ایگریکلچر یونیورسٹی ، لدھیانہ سے فارغ التحصیل ڈاکٹرسنجیو کمار نے 1984 ء میں بی وی ایس سی اینڈ اے ایچ (BVSc&AH)کی ڈِگری حاصل کی اَور 1985ء میںشیٖپ بریڈنگ و ریسرچ فارم، پینتھل سے بہ طور ویٹرینری اسسٹنٹ سرجن محکمہ میں اَپنی ملازمت کا آغاز کیا۔ بعد ازآں مختلف عہدوں پر اَپنے فرائضِ منصبی اَدا کرنے کے بعد 2014ء میں ترقی پا کر وہ جوائنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہوئے۔ محکمہ شیٖپ ہسبنڈری کے اَفسران و ملازمین نے ڈاکٹر سنجیو کمار جو شعبۂ بھیڑ بکری میں فیٖلڈ اَور فارم کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ، کے ڈائریکٹر شیٖپ ہسبنڈری جموں کا چارج سنبھالنے کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا ہے۔
ادبی کنج کے زیراہتمام وطنی عقیدت کی نشست
جموں// کثیر اللسانی ادبی تنظیم ادبی کُنج جے اینڈ کے جموں کے زیراہتمام ہر سال کی طرح اِس سال بھی مُلک کے قومی دِن یومِ جمہوریہ پرایک سُر مئی وطنی عقیدت کی رنگین نشست کا آغاز ہوُا۔ جِس میں تنظیم کے مختلف زبانوں کے ماہرین شعراء کے علاوہ دیگر ادب نواز دیش پریمیوں نے بھی بھاری تعدد میں حِصّہ لِیا۔اِس حُب الوطنی خصوصی سُرمئی نشست کی صدارت کے فرائض صحافی ،شاعر اور تنظیم کے چئیرمین آرش دلموترہ نے سر انجام دِئے۔ جبکہ ادبی کُنج جموں کے پُرانے رُکن رومیش آنندؔ ساگر مہمانِ خصوُصی تھے۔ اِس خصوُصی نِشست کی نظامت کے فرائض اُردوُ اور ڈوگری کے جانے مانے شاعراور تنظیم کے ادبی سیکرٹری بشن داس خاک نے انجام دِئے۔ نِشست کے آغاز میں قومی جھنڈا لہرا کرراشٹریہ گائن بھی گایا گیا۔ اِس موقعہ پر مقرّرین نے آج کے دِن مُلک میں لاگوُ ہوئے آئین جمہوریہ ہند کے کار ساز بابا صاحب ڈاکٹر بھیم رؤ امبیڈکرکی حیات اور سُنہرے کارہائے نُمایاںپر مفصّل طورپر روشنی ڈالی۔نِشست کے سُرمئی دوَر میںتنظیم کے سرکردہ ممبران و جانے پہچانے گلوکارچمن سگوچ اورگلوکار و شاعروید اُپل نے اپنی سریلی آواز میںحُب الوطنی کے نغمے گاکر سب کو مسروُر کر دِیا۔ اِس نشِست میں ایک کثیر اللسانی مشاعرے کا بھی اہتمام ہوُا۔ جِس میں شعراء حضرات نے اپنے دیگر کلام کے ساتھ حُب الوطنی کی نظمیں اور غزلیں پیش کیںٖ۔ اِس شعری دوَر کے کُچھ شعراء کے اِسمائے گرامی اِس طرح ہیں۔ آرشؔ دلموترہ، رومیش آنند ساگرؔ، سنتوش شاہ نادانؔ، راج کمل ؔ،خورشیدکشتواڑی، محمّد باقر صباؔ،بِشن داس خاکؔ،کے آر سلگوترہ، سنجیو کُمار ، چمن سگوچ، راجیو کُمار ،وید اُپل اور شام طالبؔ۔ نِشست کا اِختتام تنظیم کے صدر شام طالبؔ کی طرف سے پیش کردہ شُکریہ کی تحریک سے ہُوا۔جِس میئں آپ نے اہلِ مُلک کویوُمِ جمہوریہ کی مُباکباد پیش کرتے ہوئے مالکِ دو جہاں سے دُعا کی کہ یہ قومی دِن مُلک بھر میںہمیشہ امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی لے کر آئے ۔
سرحدی علاقوں کے لوگ خوف وہراس اورپریشانیوں میں مبتلا
حکومت پلاٹ الاٹ کرنے کیلئے اقدامات کرے :ستونت ڈوگرہ
جموں//نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی صوبائی صدرستونت ڈوگرہ نے آرایس پورہ کے سرحدی علاقوں چکرولی، سدھرا، عبدلیاں ،بیگابیرا کادورہ کرکے لوگوں کوہوئے نقصانات کاجائز ہ لیا۔اس دوران ستونت ڈوگرہ نے جان بحق ہوئے افرادکے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کااظہارکیا۔ انہوں نے گولہ باری سے زخمی لوگوں کی عیادت کرکے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ اس دوران ستونت ڈوگرہ کے ہمراہ ضلع صدردلجیت شرما، ضلع سیکریٹری شکنتلادیوی ودیگرعہدیداران بھی تھے۔ڈوگرہ نے کہاکہ سرحدی علاقوں کے لوگ خوف وہراس میں ہیں ۔ستونت ڈوگرہ نے کہا کہ سرحد کے اس پار کی جانب سے بے تحاشہ گولہ باری کی وجہ سے رہائشی مکانوں کا نقصان ہونے کے ساتھ ساتھ لوگوں کا مال مویشی بھی مر گیا ہے۔اور ان علاقوں کے لوگ شدید خوف وہراس کے شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو حکومت کی طرف سے کسی بھی طرح کی مدد فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔ ڈوگرہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان لوگوں ،جن کے مکانات گولہ باری کی وجہ سے تباہ ہو گئے ہیں، کو متبادل رہائشی سہولیات فراہم کرنے، طبی امداد کی دستیابی یقینی بنائے۔ستونت ڈوگرہ نے کہا کہ موجودہ ریاستی سرکار نے ان علاقوں کے عوام سے وعدہ کیا تھا اہ انہیں پلاٹ الاٹ کئے جائیں گے تا کہ وہ سکون کے ساتھ اپنی زندگی گذارنے کے ساتھ ساتھ مال میویشی پال سکیں اور کھیتی باڑی کرکے اپنا گزر بسر کرسکیں۔مگر بدقسمتی سے ریاستی سرکار نے آج تک اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔
شرائین بورڈ کے ممبران گورنر سے ملاقی
جموں /شری ماتا ویشنودیوی شرائین بورڈ کے رُکن میجر جنرل ( ر) ایس کے شرما نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا جو شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں کے ساتھ ملاقات کی۔میجر جنرل شرما جو کالج آف نرسنگ کی گورننگ باڈی کے چیئرمین بھی ہیں نے گورنر کو کالج آف نرسنگ کے کام کاج سے جڑے مختلف معاملات کے بارے میں جانکاری دی جن کالج کے ویژن منصوبہ ، کالج کے طلاب کے لئے ہوسٹل سہولیات اور دیگر معاملات شامل تھے۔گورنر نے میجر جنرل شرما کی کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان معاملات کو اُن کے نرسنگھ کالج کے اگلے دورے کے دوران حل کیا جائے گا۔علاوہ ازیںشری ماتا ویشنودیوی بورڈ کے ممبر ڈاکٹر اشوک بھان نے گورنر این این ووہر اجو شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں کے ساتھ راج بھون میں ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کو بڑھتی یاترا کے پیش نظر بنیادی ڈھانچے کی سہولیات سے جڑے معاملات کے بارے میں جانکاری دی۔انہوںنے شرائین بورڈسپورٹس کمپلیکس کے کام کاج کے بارے میں بھی گورنر کو آگاہ کیا۔
سبکدوش ہونے والے افسروں کے اعزازمیں الوداعیہ
سپیکر اور نائب سپیکر نے نیک خواہشات کااظہارکیا
جموں /اسمبلی سیکرٹریٹ نے اسمبلی کے ڈپٹی سیکرٹری غلام محی الدین بٹ اور سیکشن آفیسر غلام محمد بٹ کو ان کی سبکدوشی پر گرمجوشی کے ساتھ الوداع کیا۔اس سلسلے میں اسمبلی سیکرٹریٹ میں ایک الوداعیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں اسمبلی سیکرٹریٹ کے ان افسروں کی خدمات کو یاد کیا گیا ۔قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا اور نائب سپیکر نذیر احمد گریزی بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔انہوں نے سبکدوش ہونے والے افسروں کے کام کو سراہتے ہوئے انہیں نیک خواہشات دیں۔بعد میں ان افسروں کو شال اور مومنٹوز عطا کئے گئے ۔سیکرٹری قانون ساز اسمبلی ایم آر سنگھ، سپیشل سیکرٹری اسمبلی آر ایل شرما، ایڈیشنل سیکرٹری نسیم جان اور کئی دیگر افسران بھی اس تقریب میں موجود تھے۔
ای پی ڈی ایس نظام کی تکمیل کیلئے31مارچ حدمقرر
حکومت صارفین کے مفادات کو تحفظ بخشنے کی وعدہ بند:ذوالفقار
جموں /خوراک، شہری رسدات و امو رصارفین اور قبائلی امو رکے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے ریاست میں ای پی ڈی ایس نظام مکمل کرنے کے لئے 31مارچ 2018ء کی حد مقر ر کرتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں تمام اضلاع کے فیئرپرائس دکانوں میں پی او ایس مشینیں نصب کرنے کے کام میں تیز ی لائیں۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں ریاست میں راشن کی تقسیم کاری میں معقولیت لانے اور ای پی ڈی ایس پروجیکٹ کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔ذوالفقار نے متعلقہ افسروں سے کہا کہ وہ اس نظام کی مؤ ثر عمل آوری اور راشن کے خرد برد پر روک لگانے کیلئے ایک متحرک لائحہ عمل اختیار کریں۔وزیر کو جانکاری دی گئی کہ ریاست کے راجوری ، گاندربل ، سانبہ ، بڈگام اور سرینگر میں پائیلٹ بنیادوں پر 1466پی او ایس مشینیں لگائی گئی ہیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت صارفین کے مفادات کو تحفظ بخشنے کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں راشن کی تقسیم کاری کے عمل میں شفافیت لانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔وزیر نے آدھار سیڈنگ کے بارے میںجانکاری حاصل کرتے ہوئے افسروں کو یہ کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی کیونکہ راشن حاصل کرنے کے لئے اس سے لازمی قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ تمام راشن ڈیپوئوں ، محکمہ کے دفاتر اور ایف سی آئی سٹوروں پر کڑی نظر گزر رکھے تاکہ روزمرہ کے ریکارڈ کے مناسب رکھ رکھائو کو یقینی بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے عوامی بہبود کی سکیموں کے بارے میں لوگوں میں بیداری پیدا کی جانی چاہئیں۔میٹنگ میں متعلقہ محکمہ کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجو دتھے۔
ریاست میں زلزلہ کے بعد صورتحال کا جائزہ
جاوید مصطفی نے صوبائی کمشنروں اورڈائریکٹرڈیزاسٹرمنیجمنٹ کے ساتھ ٹیلی کانفرنس
جموں /ڈیزاسٹرمنیجمنٹ، ریلیف اور باز آباد کاری کے وزیر جاوید مصطفی میر نے ریاست میں آئے زلزلے کے بعد ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، ڈویژنل کمشنر جموں ہیمنت کمار اور ڈائریکٹر ڈیزاسٹر منیجمنٹ عامر علی کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعے صورت حال کا جائزہ لیا۔واضح رہے کہ ریاست میں آج دوپہر 12.36 پر ایک درمیانہ درجہ کا زلزلہ محسوس کیا گیا جس کی شدت ریکٹر پیما پر 6.1ماپی گئی اور اس کا مرکز افغانستان ۔تاجکستان سرحد پر بتایا جاتا ہے۔وزیرکو جانکاری دی گئی کہ ریاست میں زلزلے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا نہ تو کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ریاست جموں وکشمیر سیسمک زون 4اور 5میں آتی ہے اور یہاں زلزلوں کا خطرہ رہتا ہے جس کی بنا پر کچھ لوگوں نے یہ افواہ پھیلا دی کہ ایک اور زلزلہ آنے والا ہے جسے کئی مقامات پر لوگ پریشان ہوئے۔وزیر موصوف نے ان افواہوں کی نفی کرتے ہوئے عام لوگوں سے اپیل کی کہ زلزلوں کی پیشن گوئی نہیںکی جاسکتی ہے تاہم انہوں نے کہا ہے کہ ایسی عمارات تعمیر کی جانی چاہئیں جن پر زلزلہ اثر انداز نہ ہو۔ انہوں نے زلزلوں کے دوران تمام احتیاطی تدابیر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر نے ڈائریکٹر ڈیزاسٹر منیجمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ زلزلوں کے دوران احتیاطی تدابیر کے حوالے سے عام لوگوں میں بیدار ی پیدا کریں۔
سوشل ویلفیئر بورڈ کا داوا کے انتقا ل پراظہار دُکھ
جموں /سٹیٹ سوشل ویلفیئر بورڈ نے آج پروفیسر نرمل گپتا کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد کی جس دوران ایل اے ایچ ڈی سی لیہہ کے چیف ایگزیکٹیو کونسلر ڈاکٹر سونم داوا کے انتقال پر دُکھ کا اظہار کیا گیا۔بورڈ نے آنجہانی کے انتقال پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کی وفات نہ صرف لداخ خطے بلکہ پورے ریاست کے لئے ایک بڑا نقصان ہے۔میٹنگ کے دوران سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور آنجہانی کی آتما کی شانتی کے دعا کی۔
ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی کی گورنر سے ملاقات
جموں /ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی ڈاکٹر ایم آئی پرے نے راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کو جے کے ای ڈی آئی کی طرف سے ریاست کے نوجوان کار خانہ داروں کی بہبودی کے لئے اُٹھائے جارہے اقدامات اور ریاست میں صنعت کاری کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو صنعت کاری کی طرف راغب کرنے کے لئے لازمی اقدامات کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے ڈائریکٹر موصوف پر زور دیا ہے کہ وہ نئے کارخانہ داروں کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے عمل میں تیزی لائیں تاکہ ریاست میں اقتصادی ترقی ممکن ہوسکے۔
پرزنرس ریٹائرڈ ایمپلائزویلفیئرایسوسی ایشن کااجلاس
جموں//جے اینڈکے پرزنرس ریٹائرڈ ایمپلائزویلفیئرایسوسی ایشن نے حکومت سے پرزوراپیل کی ہے کہ 2006سے پہلے کے پنشنروں کو جنوری تاجون 2009 کے ڈی اے ایئرئیرکی قسط واگذارکی جائے۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق جے اینڈکے پرزنرس ریٹائرڈ ایمپلائزویلفیئرایسوسی ایشن کااجلاس ضلع صدرکرشن سنگھ کی صدارت میں منعقدہوا۔اس دوران کرشن سنگھ نے کہاکہ حکومت کو 2006کے پہلے کے پنشنروں کوجنوری تاجون 2009 کی قسط واگذارکرنے کے ساتھ ساتھ ان کامیڈیکل الائونس 300روپے سے بڑھاکر1ہزارروپے کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے اعلان کیاہے کہ ساتویں تنخواہ کمیشن کواپریل 2018سے لاگوکیاجائے گا جوکہ جنوری 2016سے نافذالعمل ہوگا،اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہاہے کہ جولائی 2017کی تین فیصدڈی اے قسط بھی ملازمین کے حق میں واگذاری اورروزانہ اُجرت 225روپے ،گروپ میڈی کلیم پالیسی پنشنروں کے حق میں لاگوکرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جے اینڈکے پرزنرس ریٹائرڈ ایمپلائزایسوسی ایشن نے پنشنروں بشمول گزیٹیڈ ؍نان گزیٹیڈ کی بہبودکیلئے اقدامات اٹھانے کی حکومت سے اپیل کی ہے۔
آل لداخ اسٹوڈنٹس یونین کے زیراہتمام تعزیتی اجلاس
آنجہانی ڈاکٹرسونم دوالونپوکوشاندارخراج عقیدت پیش
جموں //لداخ پہاڑی ترقیاتی کونسل لہہ کے سربراہ و بھارتیہ جنتاپارٹی کے سئینر رہنما ڈاکٹر سونم دوالونپو کی اچانک رحلت سے جہاں سیاسی وسماجی شخصیات نے صدمے کا اظہارکیا ہے وہی جموں میں مقیم لداخی طلبہ تنظیم(آل لداخ اسٹوڈنٹس یونین جموں ) کے جانب سے لداخی سرائے بہوپلازہ جموں میں ایک عظیم الشان تعزیتی اجلاس منعقد ہواجس میں قانون سازکونسل کے چیرمین وممبرقانون سازکونسل الحاج عنایت علی ،ریاستی وزیر برائے امدادباہمی وامورلداخ ژھرینگ دورجے لک روک اور ہل کونسل لہہ حلقے مرسیلنگ کے کونسلرجمینگ ژھیرینگ نمگیال کے علاوہ جموں میں مقیم کئی سیاسی ،سماجی اور مذہبی شخصیات اور طالب علموں کی بھاری تعدادمیں شرکت کی ۔اس موقع پر مہمان خصوصی قانون سازکونسل کے چیرمیں الحاج عنایت علی نے مرحوم ڈاکٹر سونم دواکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت اداکرتے ہوئے ان کے عوام کے تئیں انجام دئے ہوئے خدمات اور کارناموں کو سراہاگیا۔انھوں نے آنجہانی ڈاکٹرسونم دواکے رحلت خطے لداخ کے عوام بالخصوص ضلع لہہ کے عوام کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان قراردیتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک سیاسی رہنماکے طور پر ضلع کے تعمیر وترقی کے ساتھ ساتھ خطے لداخ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے ہمہ وقت تیارتھے انھوں نے لداخ میں مقیم مختلف طبقہ فکر کے درمیان افرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رکھنے کے لئے قابل تقلید کام انجام دئے ہے جس کا آج کے پڑھے لکھنے جوان طبقے کو اس کے نقشے قدم پر چلنا چاہئے ۔اس موقع پر ریاستی وزیر برائے امدادباہمی ژھرینگ دورجے ، کونسلرجمینگ ژھیرینگ نمگیال اور دیگر لوگوں نے بھی خطاب کرتے ہوئے آنجہانی ڈاکٹرسونم دوالونپوکوشاندارخراج عقیدت اداکیا گیا ۔
سروسزسلیکشن بورڈکا مختلف اسامیوں کیلئے امتحانی شیڈول
کے اے ایس مین امتحان امیدواروں کیلئے باعث پریشانی:اے بی وی پی
جموں//اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد جموں وکشمیرنے جموں کشمیرسروسزسلیکشن بورڈپرسول سروسزامیدواروں کوپریشان کرنے کاالزام عائدکرتے ہوئے تشویش کااظہارکیا۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشدکے ریاستی سیکریٹری دیپک گپتانے کہاکہ جموں کشمیرسروسزسلیکشن بورڈ نے ڈیٹ شیٹ (امتحانی شیڈول) کوملتوی کردیاہے اورکہاہے کہ فروری کے آخرمیںامتحان ہوگاجس کی وجہ سے سول سروسزامیدواروں کوپریشانی کاسامناکرناپڑرہاہے ۔انہوں نے دنوں میں کے اے ایس مینز امتحان کی تاریخ ہے ۔انہوں نے کہاکہ سروسزسلیکشن بورڈ نے یہ شیڈول مختلف اسامیوں مثلاً لیب اسسٹنٹوں، پٹواری، فاریسٹر، ٹیچر، جونیئراسسٹنٹ وغیرہ کیلئے مشتہرکیاتھاجس کوملتوی کیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ امیدواربڑے امتحان کی تیاری کے تنائوکی وجہ سے دیگراسامیوں کیلئے امتحان میں نہیں بیٹھ سکتے ہیں۔انہوں نے متعلقہ حکام سے پرزورمانگ کی ہے کہ یاکے اے ایس مینزامتحان یاپھرسروسزسلیکشن کے شیڈیولڈکوتبدیل کیاجائے تاکہ امیدواروں کی پریشانیاں دورہوسکیں۔