جموں//اسمبلی حلقہ نگروٹہ کے رگوڑہ، سدھرا، ڈواڑہ میں پانی کی قلت کے خلاف گوجربکروال طبقہ کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کرکے نیشنل ہائی وے کوبندکیا۔اس دوران مظاہرین میں بچے،خواتین اور مردشامل تھے۔ اس موقعہ پر لوگوں نے کہاکہ حکومت بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں غفلت برت رہی ہے۔گوجربکروال اصلاحی کمیٹی کے جنر ل سیکریٹری چوہدری اخترحسین نے کہاکہ جب سے موجودہ پی ڈی پی ۔بی جے پی حکومت قائم ہوئی ہے تب سے صوبہ جموں میں گوجربکروا ل بستیوں کوسازش کے تحت نشانہ بنایاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ کبھی معصوم بچی کی عصمت دری کرکے اس کاقتل کیاجاتاہے توکبھی محکمہ جنگلات ،جے ڈی اے اورمحکمہ مال لوگوں کوسازش کانشانہ بناتاہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں کی مسلم بستیوں میں سہولیات کافقدان ہے ۔انہوں نے کہاکہ رگوڑہ، سدھرامیں بھیدبھائوکے تحت پانی کابحران پیداکیاگیاہے ،انہوں نے کہاکہ لوگوں کوتین تین ماہ بعدبھی پانی نہیں دیاگیاجس کے خلاف لوگوں کواحتجاجی مظاہرہ کرناپڑا۔ انہوں نے کہاکہ ان علاقوں میں پچاس سال پرانی پانی کی پائپیں ہیں جواب ناکارہ ہوچکی ہیں ،یہاں کوئی ماسٹرپلان نہیں بنایاگیاہے۔اخترچوہدری نے محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ حکام سے سوال کیاکہ 1988 میںہم لوگوں نے اس علاقہ کیلئے جوماسٹرپلان تیارکرکے روانہ کیاتھا،وہ کہاں ہے؟ ۔نہ ہی پانی سپلائی نہ ہی پانی کے ٹینکربھیجے جاتے ہیں۔ جس سے لگتاہے کہ یہاں سرکارنام کی کوئی چیزنہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ لوگ توی کاپانی پینے پرمجبورہیں۔ اس دوران مظاہرین سے چوہدری نزاکت کھٹانہ، چوہدری طالب حسین،امیرالدین کسانہ، فرمان علی کے علاوہ پنچ حمیدچوہدری،جماعت علی ودیگران شامل تھے۔