۔2018-19 میں تمام دیہات کو بجلی سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی: آسیہ نقاش
جموں //بجلی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے ایوان میں اشوک کھجوریہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 2018-19 کے آخر تک ریاست کے تمام دیہات تک بجلی سہولیات پہنچانے کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ اس موقعہ پر سجاد احمد کچلو ، صوفی یوسف اور سریندر کمار چودھری نے ضمنی سوالات پوچھے ۔ شہناز گنائی کی طرف سے قیصر جمشید لون کے بدلے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے موصوفہ نے کہا کہ 16 میگاواٹ پھگلہ پن بجلی پروجیکٹ کا ڈی پی آر تیار کرنے کیلئے ایک کنسلٹینٹ کو تعینات کیا گیا ہے اور یہ پروجیکٹ پی ایم ڈی پی کے تحت ہاتھ میں لیا جا رہا ہے ۔ اس دوران آسیہ نقاش نے ایوانِ زیریں میں محمد امین بٹ کی طرف سے پیش کی گئی توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دیو سر حلقے میں رواں مالی سال کے دوران 171 ٹرانسفارمروں کی مرمت کی گئی ہے ۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ تباپ شدہ ٹرانسفارمروں کی تیزی سے مرمت کرنے کیلئے محکمہ رجسٹرڈ پرائیویٹ ایجنسیوں کی خدمات بھی موسمِ سرما کے دوران حاصل کرتا ہے ۔ انہوںنے الطاف احمد وانی کی توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عش مقام میں رسیونگ سٹیشن کو بڑھاوا دینے کا کام الاٹ کیا گیا ہے ۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ رسیونگ سٹیشن کو بڑھاوا دینے کا ابھی کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید جانکاری دی کہ پہلگام حلقے میںرواں سال کے دوران 94 ٹرانسفارمر تباہ ہوئے جن میں سے اب صرف ایک ٹرانسفارمر کی مرمت التوا میں پڑی ہے ۔
کیبل کار کارپوریشن کودو برسوں میں 72 کروڑ کی آمدن حاصل : پریا سیٹھی
جموں//سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے ایوان میں محمد عباس وانی کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیبل کار کارپوریشن نے پچھلے دو برسوں کے دوران 72.31 کروڑ روپے کی آمدن حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن نے 6.15 لاکھ روپے ترقیاتی کاموں اور گلمرگ میں 2010 کے دوران آگ سے متاثرین کو ریلیف دینے میں خرچ کئے ۔
قوانین کے مطابق نئے کالج قائم کرنے کا عمل شروع کیا گیا: الطاف بخاری
جموں//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے قانون ساز اسمبلی میں کلدیپ راج اور عثمان مجید کے کلب کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے حال ہی میں 17 نئے ڈگری کالج قایم کرنے کو منظوری دی ہے اور یہ کالج ریاست کے اُن علاقوں میں قایم کئے جائیں گے جہاں ابھی یہ سہولیات میسر نہیں ہیں ۔راجیو شرما کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت نے ڈائریکٹ کوٹہ کے تحت آسامیاں بھرتی ایجنسیوں کو بھیج دی ہیں تا کہ اکھنور حلقے سمیت تمام سرکاری سکولوں میں عملے کی کمی کو دور کیا جا سکے ۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ حکومت پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے فیس سٹریکچر میں معقولیت لانے کیلئے ایک قانون تیار کرنے کی خاطر ایک بل لانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے تا کہ وہ ناجائیز منافع خوری نہ کر سکیں ۔ محمد امین بٹ کے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ حکومت نے مڈل سکول ہیون لاسی پورہ کا درجہ 2009-10 میں ہائی سکول تک بڑھا دیا ہے ۔ ایک اور رُکن کی طرف سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ کلگام ضلع کے مختلف تعلیمی زونوں میں لگ بھگ 738 سی پی ڈبلیو تعینات کئے گئے ہیں ۔ جاوید احمد بیگ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت نے ڈگری کالج بارہ مولہ کو توسیع دینے کیلئے ملحقہ اراضی حاصل کرنے کے حوالے سے رکاوٹوں کو دور کیا ہے۔
کشمیری زبان کے تحفظ کیلئے حکومت سنجیدہ: ویری
جموں /اشفاق سعید /// سرکار نے کہا ہے کہ کشمیری زبان کے فروغ اور تحفظ کیلئے سرکار ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔قانون ساز اسمبلی میںوقفہ صفر کے دوران کشمیری زبان کے تحفظ اور فروغ کا مطالبہ کرتے ہوئے ممبر اسمبلی عید گاہ مبارک گل نے کشمیر زبان میں ایوان سے کہا کہ سرکار کو کشمیری زبان کے تئیںسنجیدگی کا مظاہر ہ کرنا چاہئے ۔انہوں نے اس دوران زبان کے فروغ تحفظ اور بزرگ شاعروں اور ادیبوں کی معقوم مالی معاونت دینے کا مطالبہ کیا ۔ پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے انہیں یقین دلایا کہ سر کارکشمیری زبان کے تئیں سنجیدہ ہے اور اس کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔
پی ایس سی و چیئر مین اسٹیٹ کمیشن فار بیک ورڈ کلاسز چیئرمین گورنر سے ملاقی
جموں//جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین عبداللطیف الزمان دیوا نے راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوںنے گورنر کو امتحانات کے انعقاد اور انٹرویو کے عمل میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کے پہلوئوں کے بارے میں جانکاری دی تاکہ تقرریوں کے عمل مزید شفافیت لائی جاسکے ۔اس موقعہ پر گورنر نے کمیشن کے کام کاج کے بہتر معیار کو برقرار رکھنے کی ضرور ت پر زور دیا۔اس دوران چیئر مین اسٹیٹ کمیشن فار بیک ورڈ کلاسز جیت لال گپتا نے کمیشن کے رُکن غلام حیدر بڈانہ کے ہمراہ راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے گورنر کو ریاست میں بیک ورڈ کلاسز کے مفادات کو فروغ دینے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے اس طبقے کے لوگوں کی تیز تر ترقی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ادھرکلچرل اکیڈیمی کے سیکرٹری ڈاکٹر عزیز حاجنی نے راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی۔اس موقعہ پر انہوںنے گورنر کو اکیڈیمی کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے ریاست کی ثقافت اور آرٹ کو فروغ دینے کے لئے اکیڈیمی کے اقدامات کی سراہنا کرتے ہوئے ڈاکٹر حاجنی پر زور دیا کہ وہ یہ کاوشیں جاری رکھیں۔
رہائشی علاقوں میں جنگلی جانوروں کی آمدروکنے کے حکومت اقدامات کریں: سپیکر
جموں/ /قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ ریاست کے دونوں صوبوں میں رہایشی علاقوں تک جنگلی جانوروں کے پہنچنے کے عمل کو کم سے کم کرنے کیلئے مناسب اقدامات کریں ۔ یہ ہدایات انہوں نے آج ایوان میں وقفہ صفر کے دوران عثمان مجید کی طرف سے یہ معاملہ اجاگر کرنے کے بعد جاری کیں ۔ بعد میں کئی ارکان نے بھی مقامی آبادی پر بندروں اور دیگر جانوروں کے حملوں کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ضمن میں ہر طرح کے احتیاطی تدابیر اٹھائیں ۔ دریں اثنا ایوان میں وقفہ صفر کے دوران کئی ارکان نے عوامی نوعیت کے معاملات ابھارے ۔ ان ارکان میں حکیم محمد یاسین ، محمد یوسف تاریگامی ، نیلم کمار لنگہیہ ، محمد شفیع اوڑی ، ممتاز احمد خان ، محمد خلیل بند ، پون کمار گپتا ، بشیر احمد ڈار ، آر ایس پٹھانیہ ، سید آغا روح اللہ ، اعجاز احمد میر ، گگن بھگت ، علی محمد ساگر ، حاجی عبدالرشید ڈار ، محمد عباس وانی ، دلیپ پریہار ، محمد اکبر لون ، گلزار احمد وانی ، شاہ محمد تانترے ، جیون لال ، شکتی راج پریہار ، دویندر سنگھ رانا ، چودھری محمد اکرم ، دویندر منیال ، نور محمد شیخ ، جاوید احمد رانا ، محمد امین بٹ ، سید فاروق اندرابی ، مبارک گُل ، وقار رسول وانی ، راجا منظور احمد اور الطاف احمد وانی شامل تھے ۔
گولہ باری سے متاثرہ آبادی کو سہولیات فراہم کی جائے
اشفاق سعید
جموں //گولہ باری سے متاثرہ سرحدی آبادی کی باز آباد کاری اور ہر ممکن سہولیا ت فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ممبر اسمبلی نگروٹہ دویندر سنگھ رانا نے کہا کہ لوگوں کو کافی مشکلات ہے اور سرکار کو سرحدی آبادی کی مشکلات کا جائزہ لینے کیلئے ایک ہاوس کمیٹی تشکیل دینی چاہئے ۔ قانون ساز اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران ممبر اسمبلی رانا نے سرکار کی توجہ سرحدی علاقوں کی طرف مبذول کرائی اور سرکار سے کہا کہ لوگوں کی مشکلات کی بات کی جاتی ہے تو اس پر ہنگامہ اور سیاست شروع کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ کل بھی ایون میں چھایا رہا تاہم شور شرابہ کرنے سے مسئلے حل نہیں ہوتے لہذا لوگوں کی مشکلات کا جائزہ لینے کے لئے سرکار کو ایک ہاوس کمیٹی تشکیل دینی چاہئے جو لوگوں کی مشکلات کو دیکھ کرہاوس کو مطلع کرے ۔
سوالوں کے مکمل جواب نہ ملنے پر ممبران قانون سازیہ برہم
جموں //اشفاق سعید// قانون سازیہ کے اجلاس کے دوران حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے ممبران نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ انہیں بیشتر سوالات کے صحیح اور مکمل جواب نہیں مل رہے ہیں ،اُن سے بہتر ایک آر ٹی آئی کارکن ہے جس کے پاس مکمل جانکاری ہوتی ہے ۔ ڈپٹی اسپیکر نذیر احمد گریزی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرکار سے کہا کہ بیشتر ممبران اس طرح کی شکایت کر رہے ہیں اور سرکار کو اس ہاوس کو سنجیدگی سے لینا چاہئے ۔ قانون ساز اسمبلی میں ممبر اسمبلی آر ایس ایس پٹھانیہ نے ڈپٹی اسپیکر سے کہا کہ وہ ایک ہی سوال کے دو مختلف جواب دیکھ کر حیران ہوا ہوں جس پر اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے پارلیمانی امور کے وزیر سے کہا کہ کیوں حکومت اس ایوان کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے،انہوں نے کہا کہ ممبران ایوان میں سوال اٹھاتے ہیں ،جس پر پارلیمانی امور کے وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ایسا جان بوجھ کر نہیں بلکہ غلطی ہوئی ہو گی۔ اس بیچ قانون ساز کونسل میں بھی کونسل کے رکن ویود گپتا نے کہا کہ اُن سے اچھے آر ٹی آئی کارکن ہیں جن کے پاس مکمل جانکاری ہوتی ہے اور ہمیں مکمل جانکاری نہیں جاتی ہے ۔انہوں نے ایوا ن کو بتایا کہ انہوں پبلک سروس کمیشن کے متعلق سرکار سے ایک جواب طلب کیا تھا کہ مارچ 2015میں کتنی تعیناتیاں عمل میں لائی گئیں اور اس کا مکمل تحریری جواب نہیں دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اس طرح کی شکایات کئی ایک ممبران اسمبلی اور کونسل کے رکن بھی کر چکے ہیں کہ انہیں مکمل جوابات نہیں ملے جبکہ کئی ایک سوالوں میں اعداوشمار بھی الگ الگ پیش کئے جاتے ہیں ۔
۔2 برسوں میں 21490 تقرریاں : پریا سیٹٹھی
جموں//تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے ایوان میں جی اے ڈی کے وزیر کے بدلے قیصر جمشید لون کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پچھلے دو برسوں کے دوران مختلف سرکاری محکموں میں بھرتی ایجنسیوں نے 21490 تقرریاں عمل میں لائیں ۔ اس موقعہ پر مداخلت کرتے ہوئے زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا کہ یہ تقرریاں انتہائی شفاف طریقے پر عمل میں لائی گئیں ۔ اس موقعہ پر غلام نبی مونگا اور فردوس احمد ٹاک نے ضمنی سوالات پوچھے ۔ ووبود گپتا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ہانجورہ نے کہا کہ جے کے پی ایس سی نے جنوری 2015 سے 2017 تک 3290 تقرریاں عمل میں لائیں ۔
قانون ساز کونسل میں متعدد بل پاس
جموں//ایوان بالا نے جموں و کشمیر ایورویدیک اینڈ یونانی پریکٹشنرس ایکٹ 1959 میں ترمیم سے متعلق ایک بل پاس کیا۔یہ بل ایوان میں وزیر صحت بالی بھگت کے بدلے تعلیم کی وزیر مملکت پریاسیٹھی نے پاس کیا۔ادھر ایوان بالا نے آج ریاست میں فشریز کی ترقی اور اس سے تحفظ دینے سے متعلق ایک بل پاس کیا۔یہ بل ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے ایوان میں پیش کیا۔اس دوران ایوان بالا نے آج جموں و کشمیر لینڈ ریونیو ایکٹ 1996 میں ترمیم سے متعلق ایک بل پاس کیا۔ یہ بل ایوان میں وزیر مال کے بدلے زراعت کے وزیر غٖلام نبی لون ہانجورہ نے پیش کیا۔ایوان بالا میں ریاست میں سٹیٹ ہائیر ایجوکیشن کونسل کی تشکیل اور اس کے قیام سے متعلق بل پا س کیا ۔اس سے پہلے یہ بل تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے ایوان میں پیش کیا ۔
سیکریٹری کونسل نے اسمبلی میں پاس کئے گئے بل ایوان میں پیش کئے
جموں//سیکریٹری قانون ساز کونسل عبدالمجید بٹ نے ایوان بالا میں وہ 5بل پیش کئے جنہیں قانون ساز اسمبلی نے 5فرور ی 2018ء کو پاس کیا تھا۔
۔8 پرائیویٹ ممبران بل ایوان میں پیش،3 اختیار ،4 رد اور 1کو واپس لیا گیا
جموں//8 پرائیویٹ ممبران بل قانون ساز اسمبلی میں پیش کئے گئے ۔ ان میں سے ایوان نے چار بلوں کو رد کیا ، ایک بل کو واپس لیا گیا جبکہ تین بلوں کو اختیار کیا گیا۔ بشیر احمد ڈار نے ایوان میں ریاستی قانون سازیہ کے ارکان کی تنخواہوں اور الاؤنس کے ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بل پیش کیا اس بل کو ایوان نے رد کر دیا ۔ آر ایس پٹھانیہ نے ایوان میں مختلف ایکٹوں میں ترمیم کے حوالے سے چار بل پیش کئے ۔
قانون ساز کونسل میں کئی رپورٹیں پیش
جموں//چیئرمین قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی نے جموں و کشمیر قانون ساز کونسل کے 117ویں اجلاس کے لئے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی دوسری رپورٹ کونسل میں پیش کی۔ اس سے پہلے محمد خورشید عالم نے ایوان کو اس کی جانکاری دی۔ادھر خزانہ کے وزیر مملکت اجے نندا نے آج ایوان میں جموں کشمیر سٹیٹ فائنانشل کارپوریشن کے سالانہ رپورٹ اور آڈٹ رپورٹ برائے سال 2015-16 اور 2016-17 کی ایک کاپی پیش کی ۔اس دوران قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے ایوان میں سٹیٹ ہیومن رائیٹس کمیشن کے سالانہ رپورٹ برائے سال 2016-17 کی ایک کاپی پیش کی ۔ خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے ایوان میں پارلیمانی امور کے وزیر عبدالحق خان کے بدلے سٹیٹ ہیومن رائٹس کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2016-17کی ایک کاپی ایوان میںپیش کی۔
نان کمرشل ایل ایم وی ٹول سے مستثنیٰ
جموں//حکومت نے ریاست میں داخل ہونے والی اور یہاں سے باہر جانے والی چھوٹی کمرشل موٹر گاڑیوں کو بنیادی ٹول کی ادائیگی سے مستثنیٰ رکھا ہے ۔اس سلسلے میں محکمہ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جو 6 فروری 2018ء سے لاگو ہوگی۔
حکومت نے میوئوں اور جپسم کی برآمدات پر ٹول سے مستثنیٰ رکھا
جموں//حکومت نے میوہ اور جپسم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو راحت دیتے ہوئے ان دو چیزوں کو برآمدات کے ٹول سے مستثنیٰ رکھا ہے ۔یہ اعلان وزیر خزانہ نے بجٹ 2018-19میں کیا تھا۔
کمرشل گاڑیاں پسنجر ٹیکس کے ائیریرس کی ادائیگی سے مستثنیٰ
جموں//حکومت نے ریاست میں 31دسمبر 2017تک کمرشل گاڑیوں کو پسنجر ٹیکس کے ائیریرس کے ادائیگی سے مستثنیٰ رکھا ہے ۔اس حوالے سے محکمہ خزانہ کی طرف سے ایک ایس آر او جاری کیا گیا ہے۔
گجر بکروال ہوسٹلوں کو ماڈل رہائشی سکولوںمیں تبد یل کرنے کا ارادہ: الطاف بخاری
جموں//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ حکومت گجر بکروال ہوسٹلوں کو ماڈ ل رہائشی سکولوں میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ قبائلی نوجوانوںکو معیاری تعلیم سے روشناس کرایا جاسکے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں قبائلی طبقے کے طلاب کو دی جانے والی تعلیمی اور بنیاد ی ڈھانچے کی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر وزیر نے کہاکہ پہلے مرحلے میں 6اضلاع کو ہاتھ میں لیا جائے گا جہاں کے گجر بکروال ہوسٹلوں کو مثالی رہائشی سکولوں کے طور پر ترقی دی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ حکومت گجر بکروال طبقے کے طلاب کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔اس موقعہ خوراک ، شہری رسدات اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ قبائلی امور محکمہ ان سکولوں میں مناسب بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے گا جبکہ محکمہ تعلیم عملہ اور دیگر انتظامی سہولیات دستیاب کرائے گا۔وزیر نے قبائلی طبقے کے طلاب کو سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں داخلے کے وقت ہی وظائف دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
جموں اور سرینگر میں ٹریفک میں گنجانیت کم کرنے کیلئے اقدامات جاری : ہانجورہ
جموں//زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے ایوان میں وزیر داخلہ کے بدلے ایس چرنجیت سنگھ خالصہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جموں اور سرینگر شہروں میں ٹریفک کی گنجانیت کو کم کرنے کیلئے کئی اقدامات شروع کئے ہیں جن میں پارکنگ سہولیات قایم کرنا اور چار ہزار کروڑ روپے کے دو رنگ روڈ پروجیکٹ کی تعمیر کا کام بھی شامل ہے ۔ اس موقعہ پر اجات شترو سنگھ ، سریندر کمار چودھری اور خورشید عالم نے ضمنی سوالات پوچھے ۔