جموں// ریاست سے تعلق رکھنے والے جرنلزم طلاب کولازمی ہنر اور فیلڈ کے تجربے سے روشنا س کرانے کے لئے پریس کونسل آف انڈیا نے ان طلاب کو مختلف قومی اخباروں میں انٹرن شپ کی خاطر بھیجنے کا عمل شروع کیا ہے ۔شروعات کے طور پر ملایالا منوراما نامی معروف میڈیا ادارے نے جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے دو میڈیا طلاب کے لئے دو ہفتوں کی انٹرن شپ کی پیش کش کی ہے ۔انہیں یہ انٹرن شپ کوٹیام کریلا میں ملایالامنوراما کے دفتر میںدی جائے گی۔محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے یہ انٹرن شپ حاصل کرنے کے خواہاں ریاست کے جرنلزم طلاب سے آن لان درخواستیں طلب کی ہیں۔خواہشمند طلاب اپنی درخواستیں [email protected] نامی ویب سائٹ پر جمع کراسکتے ہیں۔اس انٹرن شپ کے لئے شارٹ لسٹ کئے گئے امید واروں میں سے انٹرویو کی بنیاد پر دو طلاب کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔واضح رہے کہ پی سی آئی کے مکمل کونسل کی پچھلے سال سرینگر میں منعقدہ میٹنگ کے دوران پی سی آئی کے چیئرمین جسٹس (ر) سی کے پرساد نے ریاست کے مختلف میڈیا اداروں میں زیر تعلیم جرنلز م طلاب کے ساتھ بات چیت کی تھی۔اس بات چیت کے دوران چیئرمین موصوف نے طلاب کو یقین دلایا تھا کہ ڈی سی آئی ریاست تعلق رکھنے والے میڈیا طلاب کے لئے خصوصی سکالر شپ اور انٹرن شپ پروگراموں کا انعقاد کرے گا تاکہ انہیں صحافت کے شعبے میں مزید تجربہ حاصل ہوسکے۔