جموں//وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے افسروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران ریاست میںکئی نئے تعلیمی و تکنیکی اداروں پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ان اداروں میں آئی آئی ٹی جموں، آئی آئی ایم جموں اور ان کے کشمیر میں آف کیمپسز ، این آئی ٹی سرینگر اور گورنمنٹ کالجز آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جموں ، کٹھوعہ اور صفاپور شامل ہیں۔تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری، تعلیم کی وزیر مملکت پریاسیٹھی میٹنگ میں موجود تھیں۔ وزیر اعلیٰ نے ان پروجیکٹوں کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوںنے آئی آئی ٹی اور آئی آئی جموں پرجاری تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینا ن کا اظہار کیا اور ان کے سرینگرمیں کیمپسز کو جلد چالو کرنے کی ہدایت دی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ آئی آئی ٹی جموں نے عبوری رہائشی عمارت میں سات شعبوں میں اپنا کام شروع کیا ہے اور 120طلاب کو داخلہ دیا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ سرینگرمیں ان دو خاص اداروں کے آف کیمپسز قائم کئے جائیں ۔میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے این آئی ٹی سرینگر کو وسعت دینے اور صفاپورہ اور کٹھوعہ میں انجینئر نگ کالجوں پر جاری کام کا جائزہ لیا۔