جموں//نو تعینات شدہ ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات دلباغ سنگھ نے ہائی سیکورٹی کوٹ بھلوال جیل کا دورہ کیا اور وہاں حکام کے علاوہ مقید قیدیوں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں سرینگر جیل سے ہسپتال لائے گئے جنگجو کمانڈر کے فرار کے بعد دلباغ سنگھ کو جیل خانہ جات کے محکمہ کا ڈی جی بنایا گیا ہے اور انہوں نے جمعہ کے روز ہی اپنے عہدہ کا چارج سنبھالا تھا۔ ڈی جی پی نے سینئر سپرنٹنڈنٹ جاوید مسعود فاضلی اور وہاں تعینات سی آر پی ایف یونٹ کے اہلکاروں کے ساتھ کوٹ بھلوال جیل کے حفاظتی بندوبست کے بارے میں مفصل بات چیت کی۔ اس موقعہ پر محکمہ کے انجینئر اور سٹاف آفیسر بھی ان کے ہمراہ تھے جنہوں نے جیل کے محل وقوع وغیرہ کے بارے میں ڈی جی کو معلومات فراہم کیں ۔