دوروزہ مسابقۃ القرآن اختتام پذیر
جموں//مدرسہ اشاعت العلوم اکل کوامہاراشٹرکے زیراہتمام مدرسہ تعلیم القرآن تالاب کھٹیکاں جموں میں منعقدہ دورہ مسابقہ القرآن اختتام پذیرہوگیاہے۔ اس ضمن میں تفصیلات دیتے ہوئے مدرسہ تعلیم القرآن کے ناظم اعلیٰ قاری طارق حسین قاسمی نے بتایاکہ دوروزہ مسابقہ القرآن چارفرعوں یعنی فرع اول۔ مکمل قرآن پاک، فرع دوم پارہ ایک تاپندرہ، فرع سوم تفسیرسورہ کہف ،فرع چہارم چہل حدیث پرمشتمل تھاجس میں صوبہ جموں کے مدارس کے طلباء نے جوش وخروش کے ساتھ حصہ لیا۔سنیچرکے روز دس بجے مسابقہ القرآن شروع ہواجو دوسرے روز ظہرکے وقت اختتام پذیرہوا۔ اس دوران مدرسہ اشاعت العلوم اکل کوامہاراشٹرنے طلباء میں اول،دوم،سوم،چہارم اورپنجم پوزیشنوں پرفائزطلباء میں انعامات تقسیم کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی۔مسابقۃ القرآن کوکامیاب بنانے میں کل ہند مسابقہ کے صدرمولاناعبدالرحیم فلاحی ، صوبہ جموں کے مفتی اعظم مفتی فیض الوحید ، مولاناعبداللہ مہتمم محمودیہ سیڑی خواجہ پونچھ، مفتی شبیر(کشتواڑ)، مفتی عنایت اللہ قاسمی امام جامع مسجد تالاب کھٹیکاں ،قاری محمدحنیف (سانبہ)،قاری طارق حسین قاسمی ودیگران کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔اس دوران دوروزہ پروگرام کی نظامت کے فراض امام جامع مسجدتالاب کھٹیکاں مفتی عنایت اللہ نے انجام دیئے۔قابل ذکرہے کہ مسابقہ القرآن کے انعقاد کے سلسلے میںقیام وطعام ودیگر انتظامات مدرسہ تعلیم القرآن تالاب کھٹیکاں نے کیے تھے۔
سپیکر نے زخمیوں کی عیادت کی
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے آرمی ہسپتال ستواری کا دورہ کر کے سنجواں فوجی کیمپ پر حملہ میں ہوئے زخمیوں کی عیادت کی۔سپیکر نے تمام زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کی جلد صحت یابی کی تمنا ظاہر کی۔بعد میں سپیکرنے حلقہ انتخاب گاندھی نگر کا دورہ کر کے لوگوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس دوران لوگوں نے متعدد مسائل کے بارے آگاہ کیا جن میں گلیوں اور نالیوں کی مرمت اور دیگر ترقیاتی کام شامل تھے۔سپیکر نے عوام کے مسائل کو بغور سُنا اور یقین دلایا کہ ان کے جائیز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔لوگوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ حکومت عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔دریں اثنا سپیکر نے شاستری نگر میں پرجاپتا برہما کماریز اشوریہ وشوا ودھیالیہ کی جانب سے مہا شوراتری فیسٹول کی تقریب میں حصہ لیا۔ انہوں نے ریاست میںامن، ترقی اور خوشحالی کے لئے پرارتھنا کی۔
ایس سی/ ایس ٹی اور بی سی ڈیولپمنٹ کارپوریشنوں کی بورڈ آف ڈائریکٹرس کی میٹنگ
۔86.03 کروڑ روپے کے قرضے اور7.34 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم، شفافیت یقینی بنائیں:سجاد
جموں// جموں وکشمیرشیڈول کاسٹ، شیڈول ٹرائب اور دیگر بیکورڈ کلاسز ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے ریاست میں بنکوں کے قرضے کی فراہمی کی بدولت28675 روز گار پیدا کرنے کے یونٹ قائم کئے۔ بنکوں نے86.03 کروڑ روپے کے قرضے کے ساتھ7.34 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی۔اس بات کی جانکاری سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون کی صدارت میں منعقد کارپوریشن کی38 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرس کی میٹنگ کے دوران دی گئی۔میٹنگ میں مختلف جاری سکیموں پر ہورہی پیش رفت اور کارپوریشن کی حصولیابیوں کا جائیزہ لیا گیا۔بورڈ نے جے اینڈ کے ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو وسعت دینے کے فیصلے لئے۔سماجی بہبود کی وزیر مملکت آسیہ نقاش بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سجاد غنی لون نے افسروں پر زور دیا کہ وہ محکمہ کی کارکردگی میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنائیں۔اس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود سجاد احمد خان، ڈائریکٹر منصوبہ بندی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
مصنفین میں ریاستی سطح کے اکیڈیمی انعامات تقسیم
جموں // وزیر اعلیٰ کے صلاحکار پروفیسر امیتابھ مٹو نے کے ایل سہگل ہال میں منعقدہ ایک ادبی تقریب پر معروف مصنفوں میں ریاستی سطح کے اکیڈیمی انعامات تقسیم کئے۔تقریب کا اہتمام جموں وکشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز نے کیا تھا۔ترجمہ نگاری کا انعام25 ہزار روپے، سائٹیشن اور ایک شال جبکہ پلے سکرپٹ کا انعام10 ہزار روپے ، ایک سند اور ایک شال رکھیا گیا تھا۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر مٹو نے کہا کہ اکیڈیمی کی شناخت اور مرتبہ ہمیشہ قائم رکھا جائے گا۔ انہوں نے قلمکاروں، مصنفوں اور دیگر ادب سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ ریاست میں امن و امان اورخوشحالی کو یقینی بنانے میں اپنا رول ادا کریں۔
ریفرل ججوں کا رول اور ذمہ داری
جوڈیشل اکیڈیمی کے زیراہتمام اورنٹیشن پروگرام
جموں// جموں وکشمیر سٹیٹ جوڈیشنل اکیڈیمی نے آج جموں میں ریفرل ججوں کا رول اور ذمہ داری پر یک روزہ اورنٹیشن پروگرام منعقد کیا۔تربیتی پرگرام کا افتتاح جسٹس الوک ارادھے نے کیا۔ اُن کے ہمراہ چئیرمین میڈیشن اینڈ کونسلییشن کمیٹی جسٹس تاشی ربستان، تمام ڈسٹرکٹ و سیشن جج صاحبان اور منصف بھی تھے۔ڈائریکٹر کے اینڈ کے جوڈیشل اکیڈیمی عبدالرشید ملک نے پروگرام کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ ریسورس پرسن محترمہ شلیندر کور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج دہلی میڈیشن سینٹر نے اس موقعہ پر خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جے کے ایس جے اے عبدالرشید ملک نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔
متوقع برفباری :صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات
جاویدمصطفی میرنے تیاریوں کاجائزہ لیا
جموں// ڈیزاسٹر منیجمنٹ، باز آباد کاری اور تعمیر نو کے وزیر جاوید مصطفی میر نے صوبائی و ضلع ڈیزاسٹر منیجمنٹ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ متوقع برفباری سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاری کریں۔وزیر نے دُعا کی کہ ریاست کے بالائی علاقوں میں خاصی برفباری واقع ہو تا کہ ریاست میں خشک سالی جیسی صورتحال پیدا نہ ہو۔انہوں نے دونوں ڈویثرنل کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ افرادی قوت اور مشینری کو تیار بہ تیار رکھیں تا کہ برف باری کی وجہ سے عوامی خدمات میں کسی بھی قسم کا رخنہ نہ پڑے۔
’’ وطن کو جانو‘‘ سیرپرطلاب روانہ
جموں//کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود نے’’ وطن کو جانو‘‘ سیر پر روانہ ہونے والے190 طُلاب کو یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت ایم اے ایم سٹیڈیم جموں سے روانہ کیا۔سیر کا اہتمام جے اینڈ کے سٹیٹ ری ہیبلی ٹیشن کونسل محکمہ سماجی بہبود نے کیا تھا۔سیر پر جانے والے طُلاب سے خطاب کرتے ہوئے سجاد خان نے کہا کہ ان بچوں کے لئے یہ ایک خاص موقعہ ہے جب وہ ملک کے مختلف علاقوں میں جاکر وہاں کے تمد ن اور رہن سہن کی جانکاری حاصل کریں گے۔مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس جی اے صوفی،ایگزیکٹو ڈائریکٹر سٹیٹ ری ہیبلی ٹیشن کونسل رفعت عارف اور دیگر سینئر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
حکومت بسوہلی میں سیاحت کافروغ
سہولیات کی فراہم کیلئے 100 کروڑ روپے زیرتصرف : لال سنگھ
بسوہلی//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت بسوہلی کے رنجیت ساگر ڈیم کے علاقوں میں مختلف سیاحتی سہولیات تعمیر کرنے پر100 کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے۔ان باتوں کا اظہار وزیر نے آج یہاں مہان پور میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس دوران وزیر نے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا۔پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹس روی کیسر، ڈائریکٹر ایکولوجی انوارئمنٹ اینڈ ریموٹ سینسنگ او پی شرما،ڈائریکٹر سوشل فارسٹری اشونی گپتا،ڈائریکٹر فارسٹ پروٹیکشن فورس آصف محمود ساگر، ڈائریکٹر سوئل اینڈ واٹر کنزرویشن جاوید اقبال پنجو، چیف کنزرویٹر آف فارسٹس فاروق گیلانی دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔وزیر نے کہا کہ بی بی ڈی اے علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اعلیٰ و معیاری سہولیات فراہم کرنے کی متمنی ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرت نے بنی اور بسوہلی کو بے شمار قدرتی نظاروں سے مالا مال کیا ہے اور اس مقصد کے لئے بسوہلی۔ بنی ڈیولپمنٹ اتھارٹی وجود میں لائی گئی۔لال سنگھ نے کہا کہ حکومت نے جموں صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کے لئے کروڑوں روپے کے پروجیکٹ ہاتھ میں لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رنجیت ساگر ڈیم کے پاس سیاحتی بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے کے لئے100 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔بعد میں لال سنگھ نے راج باغ، گھٹی، پلائی ،بڑے نال جکھول، دھنی اورسیت علاقوں کا دورہ کر کے وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا۔
سکولوں میں بیت الخلائوں کی کمی پراظہارتشویش
آل انڈیا سٹوڈنٹس فیڈریشن کاسانبہ میں اجلاس
سانبہ//آل انڈیا سٹوڈنٹس فیڈریشن نے تعلیمی اداروں میں بیت الخلائوں کی کمی پرتشویش کااظہارکیاہے۔تفصیلات کے مطابق اے آئی ایس ایف کی ایک میٹنگ سانبہ میں منعقد ہوئی جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے تنظیمی نمائندوں نے شرکت کی۔اس دوران میٹنگ کی صدارت پنکج شرما نے کی۔ اس موقعہ پر طلباء نے متعددمسائل اُبھارے ،ایک طالب کاکہناتھاکہ انہوں نے گورنمنٹ ہائرسکینڈری سکول نڈ میں این سی سی سینئرڈویژن کی مانگ کی تھی لیکن اس تعلیمی ادارے کے سربراہ نے ان سے تعاون نہیں کیا۔ حالانکہ ہم نے تحریری گذارش بھی کی تھی مگرتاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ ایک اورطالب علم نے مختلف تعلیمی اداروں میں بیت الخلائوں کی کمی کامسئلہ اُٹھایا۔ پنکج شرمانے کہاکہ اے آئی ایس ایف طلباء کودرپیش مسائل کوحل کرنے کیلئے کوشش جاری رکھے گی۔ رنبیربندرال نے ضلع سانبہ کے طلباء سے کہاکہ وہ درپیش مسائل کے ازالہ کیلئے متحدہوکرجدوجہدکریں ۔میٹنگ میں موہت ٹکو ، راجندر ،مانک گپتا، پنکج جسروٹیہ وغیرہ بھی موجودتھے۔
گوجروںکی شناخت کو بطور قبائل تسلیم کرانے کیلئے جدوجہد پرزور
جموں//نامور گوجر سکالر ڈاکٹر جاوید راہی نے کہا ہے کہ جمون و کشمیر کے گوجر بھارت کی مسلم ٹرائب کے 705درجہ قبائل گروپوں میں ایک سب سے بڑا طبقہ ہے جوکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں ایک نمایا ں کردار ادا کر رہے ہیں۔ڈاکٹر جاوید نے ان خیالات کا اظہار آج یہان منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہون نے کہا کہ ہمارے لئے یہ بات قابل فخر ہے کہ بھارت کی 12ریاستوں کے ہندو گوجروں نے جموں و کشمیر میں گوجروں کی شناخت کی کی باز یافت کے لئے کلیدی رول ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہریانہ کے نامور محقق پروفیسر رام پرشاد کھٹانہ ، سابق ممبر پارلیمنٹ رام چند وکیل اور سابق مرکزی وزیر آنجہانی راجیش پائیلٹ نے 1991میں جموں و کشمیر کے گوجروں درجہ فہرست قبائل کا درجہ دلوانے میں نمایاں رول ادا کیا ہے جس کے لئے ان شخصیات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ ڈاکٹر راہی نے ان طبقوں کے سبھی رہنمائوں ، نوجو انوں اور سکالروں سے کہا کہ وہ ملک میں گوجروںکی شناخت کو بطور قبائل تسلیم کرنے کے لئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں۔ اس موقعہ پر چوہدری جمشید ،عزیز حسن،عبدالرشید اور دیگران نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مانو کلیان سنت سمیلن کا انعقاد
جموں//شری گورو روی داس ست سنگ سوسائیٹی ٹرسٹ سکندر پور جموں نے سنت شرومنی گورو روی داس جی مہاراج کے پرکاش دوس اور شری شری سوامی گو ردیپ گری جی مہاراج کے جنم دن کے موقعہ پر ایک روزہ مانو کلیان سنت سمیلن کا انعقاد کیا جس میں ہر مکتبہ خیال کے لوگوں نے شرکت کی۔شری شری 108سوامی گوردیپ گری جی مہاراج نے اس موقعہ پر اپنے روحانی بھاشن میں کہا کہ گورو جی نے عالم انسانیت کو آپسی بھائی چارے کا درس دیا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جبکہ ساری دنیا افراتفری اور پر یشانی میں مبتلا ہے ، گورو جی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم ان مشکلات سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ جن اصحاب نے اس موقعہ پر تقاریر کیں ان میںکمل اروڑہ،ایم ایل اے یش پال کنڈل ، صدر آل جے اینڈکے دلت چتنا منچ وجے لوچن، سابق صدر آل جے اینڈ کے گورو روی داس سبھا جموں اور چیئر مین این سی ایس سی سیل صوبہ جمو ںایم ایل بنالیا ، جنرل سیکرٹری آل جے اینڈ کے گورو روی داس سبھا پروفیسر جی ایل تھاپااور دیگران موجود تھے۔