جموں//ملٹری سٹیشن سنجواں پر ہوئے حالیہ فدائین حملہ کے خلاف پینتھرز پارٹی کے کارکنوں نے چیئر مین اور سابق وزیر ہرشدیو سنگھ کی قیادت میں نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کی رہائش گاہ کا گھیرائو کیا، اس دوران پولیس کے ساتھ دھکا مکی بھی ہوئی ۔ پینتھر لیڈروں کا کہنا تھا کہ موجودہ سرکار کے دور میں ریاست کی حالت دن بدن بگڑتی جا رہی ہے لیکن بی جے پی کے ممبران اسمبلی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، حالات یہاں تک خراب ہو چکے ہیں کہ ریاستی اسمبلی میں وطن مخالف نعرے لگائے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کوئی کچھ بولنے کے لئے تیار نہیں ہے ۔ مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے ہرشدیو سنگھ نے کہا کہ ریاست میں آئے روز فوجی کیمپوں پر حملے ہو رہے ہیں اگر چہ فوج اور نیم فوجی فورسز ایسے حملوں کو مناسب جواب دے رہے ہیں لیکن بھگوا پارٹی اس سلسلہ میں کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھا رہی ہے ۔ بی جے پی پر علاحدگی پسندوں کے آگے سرینڈر کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت جس میں بی جے پی بھی شامل اقتدار ہے ، حالات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے ۔ پچھلے دو سال کے دوران مسلسل حملے ہو رہے ہیں اور تشدد آمیز سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن سرکار نے اس سے کوئی سبق نہیں لیا ہے ۔ انہوں نے وادی میں پتھر بازی میں ملوث ہزاروں نوجوانوں کے خلاف درج معاملات واپس لئے جانے کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ اس سے فورسز کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔