پرنٹ میڈیا ویلفئیر ایسوسی ایشن نے مسائل وزیر اعلیٰ کے ساتھ زیربحث لائے
چھوٹے درجے کے اخبارات کے مسائل کے ازالہ کی یقین دہانی کرائی
جموں//جموں وکشمیر پرنٹ میڈیا ویلفئیر ایسوسی ایشن کا وفد سرفراز احمد کی سربراہی میں ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقی ہوا ۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد نے وزیر اعلیٰ سے چھوٹے اخبارات سے متعلق اشتہاری پالیسی 2016کے بارے میں معلومات فرام کیں۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ انفارمیشن ریاست میں اخبارات کو مختلف زمروں میں تقسیم کر رہا ہے اور انہیں زمروں کے تحت اخبارات کو اشتہارات فراہم کئے جائیں گے ۔ اور اس پالیسی کو عملانے کیلئے محکمہ انفارمیشن لیت ولعل سے کام لے رہا ہے۔ جسکے چلتے چھوٹے درجے کے اخبارات سے جڑے سینکڑوں تعلیم یافتہ نو جوانوں کا مستقبل مخدوش ہو رہا ہے۔ حالاں کہ یہ اخبارات کئی برسوں سے مستقل شائع ہو رہے ہیں اور انہیں محکمہ انفارمیشن کی طرف سے اشتہارات نہ ہونے کے برابر مل رہے ہیں۔ حتیٰ کہ کچھ اخبارات کے مالکان اپنے ذاتی خرچے سے ان اخبارات کو چلا رہے ہیں۔ پرنٹ میڈیا کے وفد نے وزیر اعلیٰ کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا جس میں ان کے تمام مسائل کا تذکرہ کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پرنٹ میڈیا ویلفئیر ایسوسی ایشن کی طرف سے پیش کئے گئے تمام مطالبات کو بغور سُنا اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ چھوٹے درجے کے اخبارات اور نئی اشتہاری پالیسی کو جلد از جلد لاگو کیا جائے گا ۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری راج کمارچوہدری، ایڈیٹر انچیف ہندی روزنامہ، سیکرٹری محمد اقبال گنائی چیف ایڈیٹر ہفتہ روزہ ـ’’ میز بان کشمیر‘‘ ممتاز علی ممتاز چیف ایڈیٹر روزنامہ ’’ عوامی لہر‘‘ محمد یوسف ایڈیٹر انچیف ہفتہ روزہ عوامی موزن ، شری امن چندیل ک ایڈیٹر انچیف ’’ کپلیٹ نیوز ‘‘ مسز سُمن لتا ایڈیٹر شوالے پوسٹ کے علاوہ ایسوسی ایشن کے دیگر ممبران بھی شامل تھے۔
پروفیسربھیم سنگھ کی کسانوں کے اجلاس میں شرکت
دیہی لوگوں کی حالات زارپر حیرت کا اظہار
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ ادھمپور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر پہنچ گئے ہیں جہاں وہ گاوں کی ایک تقریب میں شرکت کریں گے جس کا اہتمام ان کے کنبہ کے لوگوں نے کیا ہے۔یہ پہلا موقع ہے جب رام نگر تحصیل کے گاوں کھین میں کسی دیہی پروگرام میں شریک ہوں گے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے ادھمپور میں کسانوں کی ایک میٹنگ میں شرکت کی اورگاوں والوں کے موجودہ حالات پر حیرت کا اظہار کیا ۔ یہاںگاوں اور چھوٹے شہروں کے لوگ خود کو لاچار محسوس کررہے ہیں انہیں روزی روٹی کا کوئی دوسرا ذریعہ نظرنہیں آرہا ہے۔ گزشتہ روز ہوئی بارش سے انہیں تھوڑی راحت ضرور ملی ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ ادھمپور دسٹرکٹ کے گاوں بھگتریان میں 76برس پہلے پیدا ہوئے تھے اور یہیں اپنی پرائمری تعلیم حاصل کی تھی۔ انہوں نے کالج کی تعلیم جموں میں حاصل کی تھی کیونکہ یہاں ڈسٹرکٹ سطح کاکوئی کالج نہیں ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے ادھمپور میں اپنی بڑی بہن سے ملاقات کی اور کل کھین گاوں میں اپنی چھوٹی بہن سے ملاقات کرنے جائیں گے اور وہیں پر کنبہ کے ایک پروگرام میں شرکت بھی کریں گے۔پروفیسر بھیم سنگھ کے پانچ بھائی اور پانچ بہنیں ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے جسمانی طور ناخیز شخص کوموٹرائزڈ بائیسکل دیا
جموں //وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کھوکیال نگری کٹھوعہ سے تعلق رکھنے والے جسمانی طور ناخیز شخص راکیش شرما کو آج ایک موٹرائزڈ سکوٹر دیا ۔ اس شخص نے کٹھوعہ میں عوامی دربار کے دوران وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی تھی جہاں وزیر اعلیٰ نے انہیں ایک موٹرائزڈ بائیسکل دینے کی یقین دہانی کی تھی۔
حکومت سبزسونے اور ماحولیات کو تحفظ دینے کی وعدہ بند : لال سنگھ
جموں //حکومت ریاست میں جنگلات او رماحولیات کو تحفظ دینے کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میںخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میںلائی جائے گی۔ان باتوں کا اظہار وَن بھون جموںمیں جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ کی صدارت میں ایس ایف سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی 67ویں میٹنگ کے دوران دی گئی۔میٹنگ میں جنگلات کے وزیر مملکت اور کارپوریشن کے وائس چیئرمین ظہور احمد میر ، ارکان قانون سازیہ اور کارپوریشن کے ڈائریکٹر دیناناتھ بھگت اور یاسر ریشی کے علاوہ ایم ایل اے رویندر رینہ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وزیرنے اس موقعہ پر پچھلے پانچ برسوں کے دوران کارپوریشن کی حصولیابیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی پیداوار بڑھانے کے لئے افرادی قوت کو منصفانہ طریقے پر بروئے کا ر لانا چاہیئے ۔ اس دوران انہیں جانکاری دی گئی کہ سال 2017-18میں کارپوریشن نے 39لاکھ مکعب فٹ عمارتی لکڑی جنگلات سے نکالی ۔انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ کارپوریشن کو مزید نفع بخش بنانے کے لئے مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کریں۔
سریندر امبار دار ،عبدالرشیدڈارنے گورنر کے ساتھ ملاقات کی
جموں //ممبر پارلیمنٹ نذیر احمد لاوے نے راج بھون میں گورنر این این ووہر ا کے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کو ریاست کی موجودہ صورتحال سے جڑے کئی اہم امور کے حوالے سے اپنے تجاویز اور آرا سے آگاہ کیا۔علاوہ ازیں ایم ایل سی سریندر امباردار نے آج راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقا ت کی۔اس موقعہ پر انہوں نے گورنر کو حالیہ اسمبلی اجلاس کے دوران اُٹھائے گئے معاملات اور کشمیری پنڈت مائیگرنٹوں جڑے امور کے بارے میں جانکاری دی ۔دریں اثناجموں //قانون ساز کونسل کے سابق چیئرمین عبدالرشید ڈار نے راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقا ت کی۔اس موقعہ پر انہوں نے گورنرکے ساتھ ضلع اننت ناگ کی ترقی سے جڑے معاملات اور ریاست کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ گورنرنے ان پر زور دیا کہ وہ عوامی بہبود کی کوششیں جاری رکھیں۔
وائس چیئرمین گوجربکروال مشاورتی بورڈکی وزیراعلیٰ سے ملاقات
جموں//گوجربکروال مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین گلزارکھٹانہ نے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کرکے قبائلی طبقہ سے متعلق مسائل زیربحث لائے۔اس دوران گلزارکھٹانہ نے طبقہ کی بہبودکیلئے اُٹھائے جارہے اقدامات پربھی اطمینان کااظہارکرنے کے ساتھ کٹھوعہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کیلئے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ آصفہ عصمت دری وقتل معاملے میں ملوث دیگرملزمان کی نشاندہی کرنے کیلئے کرائم برانچ کومتحرک کیاجائے۔ گلزارکھٹانہ نے کٹھوعہ معاملے کے سلسلے میںوزیراعلیٰ کی بصیرت اوراقدامات کی ستائش کی توقع کی کہ ملزمان کوعبرتناک سزاملے گی۔اس دوران کھٹانہ نے وائس چیئرمین گوجربکروال مشاورتی بورڈ کاوزیرمملکت کادرجہ بحال کرنے کیلئے بھی وزیراعلیٰ کاشکریہ اداکیا۔اس موقعہ پر وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہاکہ حکومت گوجربکروال طبقہ کی بہبودکیلئے سنجیدہ ہے اوراس سمت میں اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
بٹھل چک کٹھوعہ میں عظمتِ مصطفیٰ کانفرنس کاانعقاد
علماء کرام کا تعلیماتِ مصطفیٰ کی پیروری پرزور
کٹھوعہ//تحصیل ہیرانگر کے موڑا بٹھل چک گوجر بستی میںمولانا مفتی نذیر احمد قادری کی صدارت میںعظمتِ مصطفیٰؐکانفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔اس دوران کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے عظمتِ رسولؐ پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کے آج کے دور میں ہمیں تعلیماتِ رسولؐ پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے کیوں کہ آج کے معاشرے میں سے انسانیت ختم ہوتی جا رہی ہے اور لوگوں میں درندگی پیدا ہوتی جارہی ہے ۔نبی پاک حضورؐ کے دنیا میں تشریف لانے سے قبل بھی درندہ صفت لوگ تھے جو اپنی ہی بچیوں کو زندہ ہی زمین میں گاڑ دیا کرتے تھے حضورؐ نے دینا میں تشریف لا کر دنیا کو امن کا پیغام دیا اور آپ نے بچیوں کو درندگی سے آزاد کروایا۔ علمائے کرام نے کہا کہ اگر آج دنیا امن کی خواہاں ہے تو نبی ؐکی زندگی کو اپنی زندگی کا نمونہ بنائیں اور نبی ؐبر حق کے پیغام کو عام کریں تو ہی امن ممکن ہو گا نبیؐ نے ہر مذہب کا احترام کرنے کی تلقین فرمائی ۔انسان کو انسان سے کینہ نہیں رکھناچاہیئے ،جس سینے میں ہو کینا وہ سینا اچھانہیں ۔کانفرنس میں شرکت کرنے والے علمائے کرام میں مولانا لیاقت علی نعیمی سدرہ جموں ،مولانا سخی محمد راٹھور ،مولانا جاوید رضا فیضی ،مولانا قاری علی حسین رام بن اور کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی اور علمائے کرام کے بیانات سے مستفید ہوئے کانفرنس کی نگرانی حافظ محمد حنیف امام و خطیب جامع مسجد بٹھل چک کی نگرانی میں ہوئی اور امام صاحب موصوف نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے علمائے کرام کا اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا