جموں//ٹریفک قوانین کی بیدار ی عام کرنے کی غرض سے ایس پی ٹریفک رورل شاہین واحد کی قیادت میں گورنمنٹ ہائرسکینڈری سکول راج پورہ میں بیداری کیمپ کاانعقاد کیاگیا ۔اس دوران کیمپ میں ایس پی ٹریفک رورل شاہین واحد نے سڑک حادثات سے بچائوکی تدابیر اور ٹریفک قوانین کے بارے میں طلباء کوجانکاری دی۔اس موقعہ پر شرکاء کوبتایاگیاکہ ٹریفک قوانین کے کیانقصانات ہیںاوران کی پاسداری کیوں ضروری ہے۔شاہین واحدنے کہاکہ بچے ریاست اورملک کامستقبل ہیں اس لیے ضروری ہے کہ وہ مسائل کوسمجھیں اورسماج میں تبدیلی لانے کاباعث بنیں۔انہوں نے طلباء کو گاڑی چلانے کے قواعدکی بھی جانکاری دی۔انہوں نے کہاکہ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا، ہیلیمنٹ نہ پہننا ، تین سواریاں دوپہیاگاڑی پربٹھانا، سیٹ بلٹ نہ باندھنا، تیزرفتاری سے گاڑی چلانا، گاڑی چلاتے وقت موبائل فون کااستعمال ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتاہے۔علاوہ ازیں ٹریفک قوانین کی عمل آوری کویقینی بنانے کے سلسلے میں ایس پی رورل ٹریفک جموں نے مختلف مقامات پرناکے لگائے اور 240 گاڑیوں کے چالان کیے اور 12 گاڑیوں کوضبط کیا۔اس دوران ڈی ایس پی ٹریفک سانبہ ۔کٹھوعہ بہاری لال اورڈی ٹی آئی سانبہ انسپکٹرترسیم لال بھی ان کے ہمراہ تھے۔