سپرسپیشلسٹی ہسپتال میں امراض قلب سے متعلق ورکشاپ
جموں//گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے شعبہء کارڈیالوجی کی جانب سے سپرسپیشلسٹی ہسپتال جموں کے کمپلیکس کارونری میں ایک روزہ ورکشاپ کا اہتما م کیا گیا اس موقعہ پر ڈاکٹر عماد شبن ڈائریکٹرانٹروینشنل کارڈیالوجی ، ڈاکٹر سوشیل کمارسربراہ کارڈیالوجی گورنمنٹ میڈیکل کالج جموںاور دیگر ڈاکٹر صاحبان بھی موجود تھے۔ڈاکٹر شیبن اس سے پہلے قومی اور بین الاقومی سطح کی متعدد کانفرنسوں میں شرکت کر چکے ہیںاور دل کے امراض سے بچائو اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں متعلقین کو ضروری معلومات اور جانکاری فراہم کرتے ہیں ۔ اس ورکشاپ کے انعقاد کرنے کا مقصد دل کے امراض کے علاج و معالجہ کے بارے میں جدید ترین طور طریقوں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا تھا۔
نٹرنگ کاادہم پورمیں اکائی قائم کرنے کااعلان
ادہم پور//نٹرنگ جموں بہت جلد ادہم پور چپٹر شروع کرنے جارہا ہے ۔ یہ اعلان نٹرنگ ڈائیریکٹر پدم شری بلونت ٹھاکر نے پویس اکادمی ادہم پور کے آڈیوٹوریم میں بچون کے ایک تھیٹر فیسٹیول کے موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیاجس کا اہتمام انڈیا کڈس سکول ادہم پور نے کیا تھا۔بلونت ٹھاکر نے مزید کہا کہ ادہم پور سنٹر میں نٹ رنگ کی جانب سے بچوں اور دیگر اشخاص کو رقص موسیقی کی بھی تربیت دی جائے گی انہوں نے کہا کہ اس علاقہ کے نوجوان اور بچے صلاحیتوں سے مالامال ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ان صلاحیتوں کو ابھارنے کے لئے ایک بہتر پلیٹ فارم دستیاب کیا جائے تاکہ ابھرتے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں اور نہ صرف ریاست بلکہ قومی سطح پر وقتاََ فوقتاََ منعقد ہونے والے پروگراموں میں حصہ لیکر ریاست کا نام روشن کرسکیں۔ نٹ رنگ تھیٹر گروپ جموں و کشمیر میں واحد فل ٹائم پرفیشنل تھیٹر گروپ ہے جس کا قیام بلونت ٹھاکر نے سال 1983میں عمل میں لایا تھا ۔
یوتھ پارلیمنٹ ٹیم کے زیراہتمام نیشنل یوتھ مقابلہ منعقد
جموں//جموں یونیورسٹی کی یوتھ پارلیمنٹ ٹیم کی جانب سے 14ویں نیشنل یوتھ پارلیمنٹ کمپی ٹیشن کا انعقاد کیا گیا ۔ اس پروگرام کا اہتمام وزارت برائے پارلیمانی امور نے کیا تھا جس کا مقصد ملک میں جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ طالب علموں میں جمہوری اداروں کے کام کاج کے بارے میں ضروری معلومات فراہم کرنا تھا۔جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر آر ڈی شرمانے اس پروگرام میں شامل ہونے والوں کو مبارک باد پیش کی ۔ پروفیسر ستنام کورڈین سٹوڈینس ویلفئیراور ڈاکٹر وجے سہگل گروپ کارڈینٹر کے علاوہ کافی تعداد میں طلبا ٔ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ گروپ سطح کے مقابلے میں ملک بھر سے آئی ہوئی قریباََ 74ٹیموں نے حصہ لیا جنہیں 15گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ جن طلبأ نے اس پروگرام میں شرکت کی ان میںانیکتاچوپڑا، نیرج سنگھ جسروٹیہ ،آرتی دیوی ،اکھشے کمار،شیخ تنزیل الہی، یوگیشور سنگھ،سدھارتھ جموال،کلبھوشن شرما،وشال شرما،مصبح عتیق،امن شرما ، دیویاراجپوت،مہک شرما،سہر چودھری اور دیگر طلبأ شامل تھے۔
۔کاوفد کلدیپ راج گپتاسے ملاقی
جموں//پہاڑی ریولیوشنری مومنٹ کے وفدنے تنظیم کے صدر راجہ محمودخان نے وائس چیئرمین پہاڑی ایڈوائزری بورڈ کلدیپ راج گپتاکے ساتھ ملاقات کرکے پہاڑی زبان کے مضمون کو یونیورسٹی میں متعارف کرانے کامطالبہ کیا۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق راجہ محمودخان نے کہاکہ پہاڑی جموں وکشمیرکی ایک اہم زبان ہے اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ اس زبان کویونیورسٹی میں بھی لاگوکروایاجائے۔اس کے علاوہ پہاڑی بولنے والے لوگوں کوایس ٹی درجہ دلانے پربھی زوردیا۔اس دوران وائس چیئرمین کلدیپ راج گپتانے یقین دہانی کروائی کہ وہ اس معاملے کو وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ اٹھایاجائے گا۔
اُردومنشی کامل کے امتحانات 15 فروری سے
جموں//ادارہ اسلامیہ فاطمۃ الزھراء سدرہ جموں میں پہلی مرتبہ جامعتہ المومنات حیدرآباد کے تحت اُردو منشی مولوی جوکہ میٹرک کے مساوی ہے اوراردو منشی کامل کے سالانہ امتحانات پندرہ فروری سے شروع ہورہے ہیں جس میں ادارہ ہذا کی طالبات کے علاوہ دیگر اداروں کے طلبہ وطالبات حصہ لے سکتے ہیں جوامیدوار مذکورہ بالا امتحانات میں کامیابی حاصل کریں گے وہ گریجویشن کیلے مولانا آزادنیشنل یونیوسٹی میں داخلہ لینے کے اہل ہوں گے۔ان باتوں کااظہار ادارہ ہذاکے بانی وسرپرست مفتی نذیر احمد قادری نے ایک میٹنگ کے دوران کیا۔
جوائنٹ فورم جموں کامہلوک فوجیوں کوخراج
زخمیوں کواسپتال منتقل کرنے والے کمانڈودستے کی ستائش
جموں//جوائنٹ فورم جموں نے سنجواں میں فدائین حملے کے دوران جان بحق ہوئے فوجی جوانوں کوخراج عقیدت پیش کرتے فوج کے جوانوں کی بہادری اورفوج کے خصوصی دستوں کی طرف سے زخمی افرادکوہسپتال منتقلی کے اقدامات کی ستائش کی ہے۔یہاں جاری پریس ریلیزمیں جوائنٹ فورم جموں نے کہاکہ فوج نے ہمیشہ پیشہ وارانہ خدمات انجام دے کر دشمنوں کے منصوبوں کوناکام بنایاہے۔انہوں نے کہاکہ ہم سنجواں آرمی سٹیشن پرملی ٹینٹوں کے حملے کی مذمت کرتے ہیں اورفوج کے جوانوں کی داددیتے ہیں جنھوں نے حملہ آوروں کومارگرایا۔انہوں نے فوج کے خصوصی کمانڈودستے نے اپنی جان جوکھم میں ڈال کرگولڈن آورز(حملے کے پہلے گھنٹے ) اوراس کے بعدکے دوران زخمیوں کوفوری طورپر ملٹری اسپتال منتقل کرنے کیلئے متحرک رول اداکیا،جس کیلئے دستہ مبارکبادکامستحق ہے ۔
ملازمین کے تئیں حکومت کارویہ افسوسناک:بابوحسین ملک
جموں//جے اینڈکے جوائنٹ ایمپلائزاینڈورکرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت پرملازمین اورسرکارکے درمیان 10 مارچ 2008، 19 فروری 2009 ،14 مئی 2010 اور15 ستمبر 2011 کوہوئے معاہدوں کوعملی جامہ پہنانے میں غفلت شعاری برتنے کاالزام لگایا۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق جے اینڈکے جوائنٹ ایمپلائزاینڈورکرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کااجلاس بابوحسین ملک کی صدارت میں منعقدہوا۔اس دوران مقررین نے کہاکہ پے اناملیزکودورکرنے کے سلسلے میں کوئی اقدامات حکومت نے ابھی تک نہیں اٹھایاہے۔ بابوحسین ملک نے کہاکہ ملازمین کے تئیں حکومت کارویہ افسوسناک ہے۔اس موقعہ پر مانگ کی گئی کہ ایس ڈبلیوپی 3058/2015کے سلسلے میں عدالت عالیہ کے حکمنامے کوعملانے کامطالبہ کیا۔اس دوران میٹنگ میں بھارت بھوشن، خورشیداحمددیوانی ، اشوک سنگھ، یش پال شرما، میناکشی شرما، جسونت سنگھ، پرشوتم شرما،بھارت بھوشن کوتوال، انسویاگپتا، سیوارام راٹھور، منیش شرما، فریدہ بانو ، وکاس چندر،وکاس شرما، شام لال، محمدصادق، لیکھ راج، نریش کمار، اوم پرکاش، کپل گپتا ، ادھے سنگھ پٹھانیہ، شام لال، محمدصادق، لیکھ راج، نریش کمار، اوم پرکاش ، کپل سدرشن سنگھ، سنجیوسنگھ جموال، منگت سنگھ ودیگران نے شرکت کی۔
مرکزی سیکرٹری نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات
جموں //ڈرنکنگ واٹر اینڈ سنٹیشن کے مرکزی وزیر پرمے سوارن ائیر جو سرمائی راجدھانی کے دورے پر ہیں نے آج وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی۔مرکزی سیکرٹری نے وزیر اعلیٰ کو مختلف سکیموں اور اُن کی وزارت کی طرف سے رقومات کی فراہمی کے بارے میں جانکاری دی۔وزیر اعلیٰ نے ائیر پر زور دیا کہ وہ ریاست کے لئے فراہم کی جارہی رقومات میں اضافہ کریں۔تاکہ ریاست میں بڑھتے ہوئے پینے کے پانی کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے ضروری وسائل پیدا کئے جاسکیں۔
پریا کی صدارت میں ٹاسک فورس کی پہلی میٹنگ
جموں //تعلیم ، سیاحت اور کلچر کی وزیر مملکت پریاسیٹھی نے ایس ایس اے کے ڈائریکٹوریٹ میں منعقد ٹاسک فورس کی پہلی میٹنگ کی صدارت کی اور تعلیمی اداروں میں بنیادی ڈھانچے کی فراہمی ، نئے مضامین کو متعارف کرنے اور مختلف سطحوں پر عملے کی ملازمت میں باقاعدگی لانے ، خالی پڑی اسامیوں کوپُر کرنے کے معاملات پر غور و خوض کیا۔ٹاسک فورس کے ممبران جن میں ایس پی ڈی ، ایس ایس اے شمیم احمد لہروال ، ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر ایتو ، ناظم تعلیم جموں ایس رویندر سنگھ ، ایڈیشنل سیکرٹری ( ایم)سکولی تعلیم علی افسر خان ، ایڈیشنل سیکرٹری ( اے ) سکولی تعلیم مسرت الاسلام ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ سکولی تعلیم جاوید اقبال متوکے علاوہ متعلقہ محکموں کے سینئر افسران شامل ہیںنے میٹنگ میں حصہ لیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے حال ہی میں سکولی تعلیم محکمہ میں ایک ٹاسک فورس تشکیل دینے کا اعلان کیاجس کی چیئرپرسن تعلیم کی وزیر مملکت ہوں گی۔
سال 2017-18ء میں 2.4لاکھ بیت الخلاء تعمیر کئے گئے
مرکزی سیکرٹری ، چیف سیکرٹری نے ایس بی ایم ۔ گرامین فلیگ شپ پروگرام کا جائزہ لیا
جموں//ڈریکنگ واٹراینڈ سنٹیشن وزارت کے سیکرٹری پرامے سوارن ائیر اور چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے مشترکہ طور ایک ویڈ یو کانفرنس کے ذریعے تمام ڈپٹی کمشنروںکے ساتھ جموں وکشمیر میں سوچھ بھارت مشن ۔ گرامین فلیگ شپ پروگرام کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر جنرل سپیشل پروجیکٹ ڈریکنگ واٹر اینڈ سنٹیشن وزارت اکشے کمار روٹ ، سیکرٹری پی ایچ ای ڈیپارٹمنٹ ، ڈویژنل کمشنر جموں اور دیگر سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر کشمیر نے میٹنگ میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے حصہ لیا۔ایس بی ایم گرامین پروگرام کی عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے ائیر نے ریاستی حکومت کی کاوشو ں کو سراہا ۔ انہوںنے کہا کہ ریاست میں پچھلے تین برسوں کے دوران لگ بھگ چار لاکھ بیت الخلاء تعمیر کئے گئے جن میں سال 2017-18کے دوران 2.4لاکھ بیت الخلائوں کی تعمیر بھی شامل ہے۔ائیر نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتوں کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں سوچھ بھارت مشن کا مکمل صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کا عمل کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے ۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ دسمبر 2018ء تک پوری ریاست او ڈی ایف تصور کی جائے گی۔چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں اس مقصد کے سلسلے میں باقی ماندہ کام مقررہ معیاد کے اندر مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔چیف سیکرٹری نے مختلف محکموں کے درمیان اشتراک اور تعاون قائم کرنے پر زور دیا تاکہ اس سکیم پر لگاتار نگرانی کی جاسکے اور سکیم کو کامیاب بنایا جائے ۔
ایس ایس ڈبلیو بی کی چیئرپرسن کے ہاتھوں میگزین کا اجرا
ریاست میں 670کرچ مراکز 28ایف سی سیز ، چار سوادھر گراہ قائم ہیں: نرمل گپتا
جموں //جموں وکشمیر سٹیٹ سوشل ویلفیئر بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر نرمل گپتا نے بورڈ کی طرف سے تیار کردہ ــ’’ تھنک بیانڈ‘‘ میگزین اجرا کیا جس میں بورڈ کی طرف چلائی جارہی مختلف سکیموں کی اطلاعات و حصولیابیوں کو درج کیا گیا ۔اس موقعہ پر چیئرپرسن جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ کمیشن فار وومن نعیمہ اختر مہجور ، وائس چیئرمین جے اینڈ کے پہاڑی سپیکنگ بورڈ کلدیپ راج گپتا اور وائس چیئرمین جے اینڈ کے او بی سی بورڈ ریشپال ورما بھی موجود تھے۔سوشل ویلفیئر بورڈ کی چیئرمین نے اس موقعہ پر کہا کہ بورڈ صد فیصد مرکزی حکومت کی فنڈ نگ پر انحصار کرتا ہے اور انہوں نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ مختلف بورڈوں کو چلانے کے لئے علاحدہ فنڈس فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگ بورڈ کی طرف سے چلائی جارہی مرکزی معاونت والی سکیموں سے مستفید ہو رہے ہیں اور ریاستی حکومت کو بھی چاہیئے کہ وہ 2018-19ء کے بجٹ میں اس مقصد کے لئے ضروری رقومات فراہم کرے۔نرمل گپتا نے کہا کہ نیشنل کرچ سکیم کے تحت ریاست بھر میں 670مراکز قائم ہیں ۔اُنہوںنے کہا کہ فیملی کونسلنگ سینٹرس سکیم کے تحت رضاکارانہ تنظیموں کے ذریعے فیملی کونسلنگ مراکز چلائے جارہے ہیں جو خواتین سے متعلق مسائل کو حل کرنے میں اپنا رول ادا کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت سکیم کے تحت 28ایف سی سیز ریاست میں کام کر رہے ہیں۔پروفیسر گپتا نے کہا کہ ’’شاٹ سٹے ہومز فار وومن ‘‘سکیم کے تحت دو ہوم نہاگھر ، اپنا گھر جموں میں قائم ہیں جنہیں مرکزی حکومت رقومات فراہم کر رہی ہے ۔چیئر پرسن نے کہا کہ ریاست میں چار سوادھر گراہ بھی کام کر رہے ہیں۔سیکرٹری ایس ایس ڈبلیو بی شاہد محمود و دیگر بورڈ کے افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔
گنگیال میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح
جموں//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے گنگیال کے وارڈ نمبر 56 میں گلیوں اور ڈرینوں کے تعمیراتی کام کا افتتاح کیا ۔ یہ تعمیراتی کام جموں میونسپل کارپوریشن 14 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کرے گا ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی تکمیل سے مقامی لوگوں کی دیرینہ مانگ پوری ہو گی ۔ انہوں نے جے ایم سی کے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس کام کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں ۔ علاقے میں دیگر ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ علاقے میں کئی ترقیاتی کام شروع کئے گئے ہیں اور کئی دیگر مکمل بھی کئے جا چکے ہیں ۔ سپیکر نے کہا کہ علاقے میں باقی ماندہ کام مقامی لوگوں کی ضروریات کے مطابق ہاتھ میں لئے جائیں گے ۔ متعلقہ محکموں کے سینئر افسران اور لوگوں کی بڑے تعداد اس موقعہ پر موجود تھی ۔
حکومت گریز میں سیاحتی سہولیات کو ترقی دینے کی متمنی
تصدق مفتی اور گریزی کا سیاحتی سرگرمیوں پر غور و خوض
جموں //حکومت گریز میں سیاحتی سہولیات کو ترقی دینے کی متمنی ہے ۔ یہاں قدرت کی بے مثال خوبصورتی موجود ہے جس میں سر سبز میدان ، برفانی پہاڑ اور کشن گنگا دریا موجود ہے ۔ اس سلسلے میں سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی اور قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر نذیر احمد گریزی نے آج یہاں ایک میٹنگ کے دوران اس معاملے پر غور و خوض کیا ۔ گریز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو قایم کرنے کے معاملے پر بحث کرتے ہوئے وزیر موصوف نے ڈپٹی سپیکر سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ایک تجویز پیش کریں تا کہ اس معاملے پر فیصلہ لینے کے سلسلے میں حکومت سے بات چیت کی جا سکے ۔ وزیر نے کہا کہ گریز وادی میں میڈیسن پلانٹ کی پیداوار کے کافی بڑے امکانات موجود ہیں جو انسانی زندگی کیلئے بہت مفید ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ان پودوں کو اگانے کے سلسلے میں اہم اقدامات اٹھائے جائیں ۔
سکاسٹ جموں میں دوروزہ کسان میلہ16 فروری کو
گورنرمیلے کا افتتاح کریں گے ،کسانوں کوبھی دعوت دی گئی
جموں//شیر کشمیریونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائینسز اینڈ ٹیکنالوجی جموں چٹھا کیمپس میں 16 اور17 فروری 2018 کو دو روزہ کسان میلے کا اہتمام کر رہا ہے ۔ اس سال کسان میلے کا عنوان ’’ ٹیکنالوجی ڈرائیون ایگریکلچر فار ڈبلنگ فارمر ز انکم ‘‘ رکھا گیا ہے ۔ کسان میلے کا افتتاح گورنر این این ووہرا ، سکاسٹ جے کے چانسلر اور وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ16 فروری کو کریں گے جبکہ وایس چئیر مین جے اینڈ کے سٹیٹ ایڈوائیزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ آف کسان دلجیت سنگھ چب مہمانِ ذی وقار ہوں گے ۔ کسان میلے کی خاص کشش زراعت اور اس سے منسلک سائینسی نمائشیں ، لائیو سٹاک شوز اور کسان گوشتھی ہوں گے ۔ اس کے علاوہ میلے میں مختلف قسم کے بیج ، کھاد ، ٹریکٹر ، زرعی آلات ، دوائیاں ، جانوروں کی خوراک ، بائیو فرٹیلائیزر ، ورمن کمپوسٹ اور ویٹر نری میڈی کئیر سپلائیز کے آلات بھی نمائش میں رکھے جائیں گے ۔ میلے میں بیج ، پھولوں ، میوؤں ، سبزیوں و دیگر پودوں کے سیل کاؤنٹر لگائے جائیں گے ۔ لائیو سٹاک کی مختلف کیٹاگریوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے لوگوں کو انعامات سے نوازہ جائے گا ۔ میلے میں ریاست اور ریاست سے باہر کئی ادارے حصہ لیں گے جن میں انڈین ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی چیوٹ نئی دہلی ، پنجاب ایگریکلچرل یونیورسٹی ، گورو انگت دیو ویٹر نری اور انیمل سائینسز یونیورسٹی لدھیانہ کے علاوہ کئی دیگر ادارے حصہ لیں گے ۔ پشو و بھیڑ پالن کے وزیر 17 فروری کو اختتامی تقریب پر مہمانِ خصوصی ہوں گے ۔
والدین اور معزز شہریوں کے وقارکوبحالی لازمی:ڈاکٹرنرمل سنگھ
جموں //نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ ہندوستانی تہذیب والدین اور معزز شہریوں کے تئیں عزت اور وقار قائم کرنے کے اصولوں پر ہمیشہ قائم رہی ہے ۔نائب وزیرا علیٰ جموں اینڈ کشمیر بھارتیہ شکھشا سمیتی کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ،جو والدین اور معزز شہریوں کی عزت افزائی کرنے کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی۔تقریب پر سماجی کارکن پروفیسر نریش پادا ،ممتاسنگھ ، رینہ راجپوت اور ستیش متل بھی موجود تھے ۔تعلیم کے ہندوستانی نظام کا ذکرکرتے ہوئے نائب وزیرا علیٰ نے کہاکہ نئی نسل کو والدین اور معزز شہریوں کے تئیں عزت ،تابعداری اور فرمانبرداری کا جذبہ پیدا کرنا شامل ہے۔ اس موقعہ پر طلاب نے کئی تمدنی پروگرام پیش کئے ۔بعدمیں نائب وزیر اعلیٰ نے توی برج کے نزدیک شو مندر کا دورہ کیا اور وہاں ریاست کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے دعا کی۔انہوںنے مہاشوراتری کے سلسلے میں مندر کی انتظامیہ کی طرف سے لگائے گئے کمیونٹی لنگر کا افتتاح کیا۔
جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن سے اظہارتعزیت
جموں //محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر ظہور احمد میر کی والدہ کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ناظم اطلاعات منیر الاسلام کی صدارت میں منعقدہ ایک تعزیتی میٹنگ یہاں منعقد ہوئی جس میں محکمہ کے تمام افسران اور ملازموں نے شرکت کی۔میٹنگ میں مرحومہ کی ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی اور غمزدہ خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
پرمے سوارن ائیر،سابق آئی جی جی پی اور کرسچن ویلفیئرایسو سی ایشن کاوفدگورنر سے ملاقی
جموں //ڈینکنگ واٹر سنٹیشن کی وزارت کے سیکرٹری پرمے سوارن ائیر نے آج یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہر ا سے ملاقات کی۔ائیر نے گورنر کو سوچھ بھارت مشن کی جموں وکشمیرمیں کارکردگی کے بارے میں جانکاری دی ۔انہوںنے ریاست کو غلاظت سے پاک بنانے اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے عمل کے بارے میں بھی گورنر سے تبادلہ خیال کیا۔گورنر نے ائیر کے ساتھ ماتا ویشنودیوی شرائین سے متعلق سوچھ بھارت مشن کے پہلے مرحلے کے تحت جاری پروجیکٹوں میں سرعت لانے پر زور دیا۔دریں اثناآل جے اینڈ کے کرسچن ویلفیئر ایسو سی ایشن کی 11ممبران پر مشتمل ایک ڈیلی گیشن نے گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی اور راجوری ضلع کے نوشہرہ علاقے میں ایک گرجاگھر کو نذر آتش ہونے پر اپنے گہری ناراضگی کا اظہار کیا۔ وفد نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ فوری مداخلت کر کے اس گرجا گھر کو از سر نو تعمیر کرنے کے اقدامات کریں۔گورنر نے کرسچن مشینریز کی طرف سے تعلیم کے میدان میں ان کے رول کی ستائش کی اور وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کا مطالبہ وزیراعلیٰ کے ساتھ اٹھائیں گے۔علاوہ ازیںسابق آئی جی پی اعجاز علی خان راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقی ہوئے ۔خان نے گورنر کو اوڑی میں ترقیاتی اور امن و شانتی قائم کرنے کے بارے میں بات چیت کی۔ گورنر نے خان کی ان کوششوں کو سراہا جن کے تحت علاقے میں پُر امن ماحول پیدا کرنے اور ترقیاتی و بہبودی کے پروگرام احسن طریقے پر چلانے شامل ہے ۔