جموں//جموں کشمیرسوشل پیس فورم (اکائی حریت کانفرنس ۔گ) کی ٹیم نے کٹھوعہ کادورہ کیا۔اس دوران ٹیم کی قیادت جموں کشمیرسوشل پیس فورم کے چیئرمین اورحریت سکھ لیڈر ایڈوکیٹ دویندرسنگھ بہل کررہے تھے۔یہاں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران دویندرسنگھ بہل نے ہیرانگرکے رسانہ گائوں میں آٹھ سالہ بچی آصفہ بانوکی عصمت دری اورقتل کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیرمیں خواتین محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے مسلح افواج کی طرف سے نوجوانوں ،خواتین وبچوں کی آئے روزہلاکتوں پرتشویش کااظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ فوج کوافسپا دے کرکھلی چھوٹ دی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرکے لوگوں کی جدوجہد خودارادیت کیلئے ہے اوراس کوکسی بھی قیمت پردبایانہیں جاسکتاہے۔ ایڈوکیٹ دویندرسنگھ بہل نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان اورپاکستان کے درمیان بات چیت کے سلسلے کوآگے بڑھانے اورجنوبی ایشیامیں قیام امن کی خاطرمسئلہ کشمیرکے حل کیلئے آگے آئے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیرکوکشمیری عوام کی امنگوں کے عین مطابق حل کرنے کامطالبہ کیا۔ اس دوران بیرواہ بڈگام کے حریت لیڈر محمدیوسف کی ہلاکت پردُکھ ظاہرکرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کااظہارکیا۔