جموں/ دیہی ترقی و پنچائتی راج کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر نے دیہی ترقی سکیموں میں تیزی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کو ترقی پذیر ملک کی طرف سے مقرر شدہ نشانے کو پورا کرنا ہو گا ۔ مرکزی وزیر نے اس بات کا اظہار دیہی ترقی محکمے کی طرف سے چلائی جا رہی مختلف سکیموں کی عمل آوری کا جائیزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ میٹنگ میں دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان ، کمشنر سیکرٹری آر اینڈ بی سنجیو ورما ، کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود سجاد احمد خان ، ایڈیشنل سیکرٹری راکیش بڈیال ، کوارڈینیٹر مشن ڈائریکٹر بخشی جاوید حمایوں ، ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ کشمیر اور جموں آر کے بٹ اور سید غظنفر علی ، ڈائریکٹر رورل سینی ٹیشن اور پنچائتی راج نذیر احمد شیخ ، ڈائریکٹر فائنانس ایس ایل پنڈتا ، جوائینٹ ڈائریکٹر پلاننگ سید شبیر ، سٹیٹ نیوٹریشن آفیسر طفیل احمد راٹھور و ریاستی حکومت کے سینئر افسران موجود تھے ۔ وزیر نے کہا کہ ملک کی ترقی دیہات کی ترقی کے ساتھ منسلک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ گاؤں ایک ترقی یافتہ ملک کو جنم دیتا ہے اور دیہی ترقی سکیموں کی عمل آوری کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئیے جس کی بدولت روز گار کے مواقعوں میں اضافہ ، سڑک رابطے ، سکل ڈیولپمنٹ اور ہاوسنگ جیسے ترقیاتی کام عمل میں آ سکتے ہیں ۔ وزیر نے ریاست کی مختلف سکیموں پر عمل آوری پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکومت سے کہا کہ وہ آئیندہ بھی ترقیاتی کاموں میں سرعت لا کر بہتر نتایج حاصل کریں ۔ اس سے قبل دیہی ترقی و پنچائتی راج کے ریاستی وزیر عبدالحق خان نے مرکزی وزیر کو اطلاع دی کہ محکمہ کے سامنے ایک بڑا چیلنج دیہی سڑکوں کی نشاندہی کرنا ہے اور اس سلسلے میں کئی برسوں سے دیہی سڑکوں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک محکمہ نے 679 پُل ، 2283 کلورٹ ، 31337 سڑکیں تعمیر کیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نے 2696 تالاب ، 885 چیک ڈیم ، 3617 واٹر ہارویسٹنگ ٹینک ، 561 کھیل کے میدان ، 72 مچھلیوں کے تالاب ، 55 آنگن واڑی سنٹر مختلف دیہی علاقوں میں تعمیر کئے اور ان کاموں کی بدولت 23.90 لاکھ افراد کو روز گار بھی فراہم ہوا ۔