جموں//مال ،حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے سرینگر اور جموں شہروں کے اطراف میں عملائے جارہے رِنگ روڑ پروجیکٹوں کے لئے حصول اراضی کے عمل کا جائزہ لیا۔ایم ایل اے مڈھ سکھ نندن چودھری بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔فائنانشل کمشنرمال لوکیشن جہا، کمشنرسیکرٹری مال شاہد عنایت اللہ ، ڈویژنل کمشنر جموں ہمنت شرما او رکئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔میٹنگ کے دوران وزیر کو حصول اراضی عمل کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ یہ کام جلد از جلد مکمل کرکے اراضی این ایچ اے آئی کو تفویض کریں۔ویر ی نے کہا کہ پروجیکٹ کے لئے نشاندہی شدہ اراضی کے ریکارڈ کے رکھ رکھائو کو برقرار رکھا جانا چاہیئے۔ایم ایل اے سکھ نندن چودھری نے اس موقعہ پر کسانوں سے جڑے کئی معاملات اُجاگر کئے اور ان مسائل کو حل کرنے کے لئے وزیر کی مداخلت طلب کی۔ وزیر نے ارکان کو یقین دلایا کہ تمام جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ویری نے ڈویژنل کمشنر جموں کو ہدایت دی کہ وہ ذاتی طور پر پروجیکٹ کی نگرانی کریں تاکہ رُکاوٹوں کو دور کر کے اراضی بلا کسی خلل کے حاصل کی جاسکے۔واضح رہے کہ جموں سٹی رِنگ روڑ پروجیکٹ جموں اور سانبہ اضلاع میں 342 ہیکٹر اراضی پر محیط ہے جبکہ سرینگر سٹی رِنگ روڑ پروجیکٹ 278ہیکٹر اراضی پر محیط ہے اور یہ بڈگام ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، گاندربل ، پلوامہ اور سرینگر اضلاع سے گزرتا ہے ۔