جموں//جموں میں ہندو برادری کی طرف سے رام نومی کا جلوس نکالاگیا جس دوران راجندر بازار کے مقام پر شیعہ فیڈریشن اور جموں مسلم فیڈریشن کی طرف سے سبیلیں لگاکر بھائی چارے کا پیغام دیاگیا ۔ یہاں جاری بیان کے مطابق شیعہ فیڈریشن کے صدر عاشق حسین خان نے دیگر کارکنان اور مسلم فیڈریشن کے ارکان کے ہمراہ جلوس کا استقبال کیا ۔اس دوران راجندر بازار میں سبیلیں لگاکر بھائی چارے کا پیغام دیاگیا۔ عاشق حسین خان نے رام نومی پر سبھی ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ جموں میں بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کومزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ شر پسند عناصر کے عزائم ناکام بنائے جاسکیں ۔ انہوںنے کہاکہ ایسے تہوار بھائی چارے کی روایت کو پروان چڑھانے کا ایک موقعہ فراہم کرتے ہیں اور سبھی کو ایک دوسرے کے مذہبی جذبات و احساسات کا احترام کرناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ ہر ایک مذہب دوسرے مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ نیک برتائو کی تلقین کرتاہے۔اس موقعہ پرشیخ ظہور احمد ،محمد حسین ملک ، فدا حسین رضوی ، محمد رفیق خان ،ماسٹر اکرم ،قمر رضا رضوی ، ذیشان علی خان ، صنوبر پٹھان وغیرہ بھی موجو دتھے ۔ سبھی نے ہندوبرادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جلوس کے شرکاء میں مشروبات تقسیم کیں جس پر ہندو برادری کے زعماء نے شیعہ فیڈریشن اور مسلم فیڈریشن کا شکریہ اد اکیا ۔