جموں/ جے اینڈ کے سٹیٹ فارسٹ کارپوریشن نے انڈین آئیل کارپوریشن لمٹیڈ کے ساتھ خانپور جموں میں منعقدہ ایک ایونٹ کے دوران ’وَن پڑائو‘ قائم کرنے کے لئے مفاہمت نامے پر دستخط کئے ۔ جس کی رو سے جموں وکشمیر ایس ایف سی اراضی پر بنیادی سہولیات قائم کی جائیں گی۔ جنگلات و ماحولیات کے وزیر لال سنگھ نے اس حوالے سے سی جی ایم جموں وکشمیر ایچ پی اور پنجاب کے انچارج سندیپ جین کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کئے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے لال سنگھ نے اسے جے کے ایس ایف سی کی تاریخ میں سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدامات سے ہمسایہ ریاستوں سے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ آنے والے شردھائوں کو مختلف سہولیات دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ انڈین آئیل اور جے کے ایس ایف سی کی مشترکہ کوششوں سے سفر کرنے والوں کو ایندھن کی سہولیات وقفے وقفے پر دستیاب ہوں گی ۔ اس کے علاوہ انہیں صاف بیت الخلاء ، کھانے پینے اور دیگر اقسام کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔وزیر نے ان کوششوں کے لئے انڈین آئیل کارپوریشن لمٹیڈ کی تعریف کی۔