جموں//پی ایچ ای، اری گیشن اور فلڈ کنٹرول کے وزیر شام لال چودھری نے آر ایس پورہ میں متعلقہ افسروں کے ساتھ جموں ضلع کے آر ایس پورہ اور بشناہ تحصیلوں میں موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کی جارہی تیاریوں کا جائیزہ لیا۔وزیر موصوف نے آر ایس پورہ میں سرحد پار کی فائرینگ سے ہلاک ہوئے دو افراد کی میتوں کو لے کر دھرنے پر بیٹھے لوگوں کے ساتھ بات چیت کے بعد یہ میٹنگ طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لواحقین کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔وزیر موصوف نے پولیس حکام کو ہدایت دی کہ وہ کراس بارڈر فائرینگ کے دوران لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے بُلٹ پروف گاڑی دستیاب رکھیں۔ انہوں نے امن وقانون برقرار رکھنے والی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ چوکسی کی حالت میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیمپوں میں ہر طرح کی بنیادی سہولیات بہم رکھی جانی چاہئیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ آر ایس پورہ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کے لئے چار اضافی ڈاکٹروں کو تعینات کریں۔انہوں نییس ڈی ایم آر ایس پورہ کو ہدایت دی کہ وہ عارضی شیلٹر قائم کرنے کے لئے مزید مقامات کی نشاندہی کریں۔وزیر کو جانکاری دی گئی کہ سرحدی علاقوں سے منتقل کئے گئے لوگوں کے لئے6 کیمپ قائم کئے جاچکے ہیں۔ایس ڈی ایم آر ایس پورہ اور مختلف محکموں کے کئی اعلیٰ افسروں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔