جموں//نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے کہا ہے کہ حکومت جموں کے پُراے علاقے کو ہیری ٹیج شہر کے طور پر ترقی دے گی اور اس حوالے سے کئی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے جارہے ہیں۔انہوں نے ان باتوں کا اظہار یہاں ایک میٹنگ کے دوران کیا۔ میٹنگ میں مکانات و شہری ترقی کے وزیر ست شرما، رُکن اسمبلی راجیش گپتا،ناظم سیاحت سمیتا سیٹھی، ڈی سی جموں کمار رنجن کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں کو سیاسی ، سماجی اور اقتصادی اعتبار سے کلیدی اہمیت حاصل ہے اور حکومت ان خصوصیات کو بڑھاوا دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی تا کہ اس کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ پُرانے شہر میں کئی کثیر منزلہ پارکنگ پروجیکٹ ہاتھ میں لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی شانِ رفتہ بحال کرنے کے لئے اسی طرح کے کئی دیگر اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ناظم سیاحت نے میٹنگ میں اُن پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری دی جو محکمہ نے شہر کی جاذبیت کو بڑھاوا دینے کے لئے کئے ہیں۔کویندر گپتا نے متعلقہ افسروںکو ہدایت دی کہ وہ کم سے کم مدت میں کاموں کو مکمل کرنے کے لئے فوری کاروائی عمل میں لائیں۔انہوں نے جموں شہر کے تمام پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔اس سے قبل نائب وزیر اعلیٰ نے کھو والی گلی سے تریکوٹہ نگر اور بسنت ویہار روڈ سے نانک نگر تک سڑکوں پر تار کول بچھانے کے کام کابھی آغاز کیا۔