کٹھوعہ//کے وی کے کٹھوعہ کی جانب سے یہاں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا تا کہ کسانوں کی آمدن دوگنی کرائی جاسکے۔اس پروگرام میں وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ مہمان خصوصی جبکہ جنگلات و ماحولیات کے ریاستی وزیر راجیو جسروٹیہ مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔اس موقعہ پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ کسانوں کی بہبودی والی سکیموں کی عمل آوری میں کرشی وگیان کیندر ایک نمایاں رول ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ان کیندروں کو کسانوں اور زرعی ماہرین کے درمیان ایک کڑی کی حیثیت قرا ردیا۔ انہوں نے کیندروں کے عملے کو صلاح دی کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع کے کسانوں کی آمدن آنے والے چند برسوں میں دوگنی ہوسکے۔ڈاکٹر سنگھ نے اس دوران مختلف سکیموں کا تفصیلی سے ذکر کرتے ہوئے کسانوں پر زور دیا کہ وہ ان سکیموں سے بھرپور استفادہ کر کے پیداوار اور پیداواریت میںا ضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز زرعی شعبہ¿ کو آگے لے جانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے امن کو ترقی کے لئے لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہیرا نگر سرحد پر بنکر تعمیر کرنے کے لئے ٹینڈرنگ کا عمل شروع کیا گیا ہے اور سرحدی نوجوانوں کے لئے دو بٹالین قائم کی جارہی ہیں۔انہوں نے ڈی سی کٹھوعہ کو ہدایت دی کہ وہ60 لاکھ روپے کی لاگت سے کالی بڑی چشمہ کا تجدید نو کام جلد از جلد مکمل کریں۔ریاستی وزیر راجیو جسروٹیہ نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے زرعی سیکٹر اور کسانوں کی بہبودی کے لئے ریاست اور مرکزی سرکاروں کی طرف سے شروع کئے گئے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے میں کرشی وگیان کیندر کلیدی نوعیت کا رول ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی بہبودی کے لئے 100 سے زیادہ سکیمیں شروع کی گئی ہیں اور آئے دن ان سکیموںمیں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے اس موقعہ پر کٹھوعہ ضلع کی ترقی کے حوالے سے کئی معاملات کو اُجاگر کیا۔پروگرام کے دوران سکاسٹ جموں سے تعلق رکھنے والے کئی ماہرین اور افسروں نے بھی خطاب کیا۔پروگرام کے دوران ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں کسانوں نے اپنی اپنی اشیاءاور حصولیابیوں کی عکاسی کی تھی۔اس موقعہ پر ایک اشاعت کی رسم رونمائی بھی انجام دی گئی۔