جموں //ڈسٹرکٹ چائلڈ ویلفیئر کمیٹی CWCنے آدھار بائیومیٹرک تکنیک سے استفادہ کرتے ہوئے ایک لاپتہ بچے کو اس کے والدین کے سپرد کر دیا، اس موقعہ پر جموں کے ضلع ترقیاتی کمشنر رمیش کمار بھی موجود تھے۔ معاملہ کی تفصیلات دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کی چیئر پرسن شالنی شرما نے بتایا کہ چائلڈ ہیلپ ڈیسک کو یہ بچہ 2جولائی 2018کو شہر میں بھٹکتا ہوا ملا تو کمیٹی نے اسے بال آشرم آر ایس پورہ میں پہنچا دیا ۔ بچہ نہ تو ڈھنگ سے بات کر سکتا تھا اور نہ ہی وہ اپنے بارے میں یا گھر کا کوئی اتہ پتہ بتا سکتا تھا۔ پنجابی زبان میں بات کرنا اس کی واحد پہچان تھی۔ کمیٹی نے پنچاب کے کئی اضلاع میں ذمہ داران سے رابطہ کیا لیکن بچے کے بارے میں کوئی بھی سراغ نہ مل سکا۔ آدھار کارڈبنانے والے حکام کی مدد لی گئی تو انہوں نے بتایا کہ بچے کے فنگر پرنٹ پہلے سے موجود ہیں اور آدھار ڈاٹا بیس سے اس کا نام پتہ معلوم کر لیا گیا جس کے مطابق اس کا نام شیندر سنگھ ولد درشن سنگھ ساکن ترن تارن پنجاب ہے ۔ ضلع انتظامیہ کی مدد سے اس کے والدین کے ساتھ رابطہ قائم کیا گیا۔ بچے کی والدہ اور چاچا جموں آئے اور ضلع ترقیاتی کمشنر کی مدد سے اس بچے کو اس کی ماہ کے حوالہ کیا گیا۔ اس موقعہ پر ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر جموں رنبیشور سنگھ، ڈی آئی سی سنجے گپتا اور سپرنٹنڈنٹ بال آشرم بھی موجود تھے۔