جموں/گورنر کے مشیربی بی وِیاس نے جموں میں جے کے گورنرس گریوینس سیل کے تحت ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا جس میں سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے وفود اور لوگوں نے اُن کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے اپنے مسائل کو اُجاگر کیا۔ اس موقعہ پر 250لوگ اور 33 وفود نے مشیر موصوف کے ساتھ ملاقات کی۔جن وفود نے مشیر موصوف کے ساتھ ملاقات کی اُن میں جے اینڈ کے ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن ، پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ، کنک مندی ٹریڈرس ایسو سی ایشن، موٹر پارٹس ایسو سی ایشن ، پی او جے کے کے منتقل شدہ افراد، ہاکرس یونین اور نیشنل فیڈریشن فار بلائنڈس کے وفود شامل ہیں۔علاوہ ازیں کٹھوعہ ، راجوری ، ریاسی ، ڈوڈہ ،سانبہ ، کشتواڑ اور ادھمپور کے وفود نے بھی سڑک رابطوں ، بجلی ، پانی ، صحت ، صفائی ستھرائی ، ریلیف معاوضہ ،تعمیراتی سرگرمیوں اور دیگر شعبوں سے جڑے مسائل حل کرنے میں بی بی وِیاس کی مداخلت طلب کی۔جے اینڈ کے ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن جموں کے ایک وفد نے صدر بی ایس سلاتھیہ کی قیادت میں مشیر کے ساتھ کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ضلع کورٹ کمپلیکس میں وکلاء کے چیمبرس میں شیڈ بنانے کے علاوہ میڈیکل کلیم کا مطالبہ کیا۔انہوں نے ایسو سی ایشن کے ممبران کے لئے بار روم فیسلٹی کا بھی مطالبہ کیا۔مشیر نے لوگوں کے مسائل غور سے سنے اور یقین دلایا کہ ان معاملات کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا تاکہ لوگ راحت محسوس کرسکیں۔