جموں//ریاست جموں وکشمیر میں ریل لنک کو وسعت دینے کی ایک کڑی کے طور مرکزی حکومت نے کپواڑہ تک ریل لنک تعمیر کرنے کو منظوری دی ہے۔ یہ ریل رابطہ ادہمپور ،سرینگر ۔بارہمولہ سے کپواڑہ تک ہوگا۔اس بات کی جانکاری مشیر( ٹرانسپورٹ) نیتی آیوگ سُنیل سری واستو نے جموں وکشمیر کے چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامینم کو ایک مراسلے کے ذریعے دی۔ انہوں نے کہا ’’ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ محکمہ ریلوے نے بارہمولہ سے کپواڑہ تک ریل لنک میں توسیع دینے کو ترجیح دی ہے اوراس نئے لنک کے لئے اپ ڈیٹیڈ سروے کو منظوری دی ہے۔مراسلہ کے مطابق بارہ مولہ کپواڑہ ریل لنک پروجیکٹ کو محکمہ ریلویز امبریلا ورک کے تحت ہاتھ میں لے گا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاست کی گورنر انتظامیہ نے یہ مطالبہ نیتی آیوگ کے سی ای او امیتابھ کنٹھ کو پیش کیا تھا جب انہوں نے گذشہ ماہ بارہمولہ اور کپواڑہ کا دورہ کیا تھا۔چیف سیکریٹری نے کہا کہ گورنر انتظامیہ نے جموں راجوری پونچھ ریل لنک کے لئے بھی ایک معاملہ ترتیب دیا ہے اور بہت جلد اس اہم پروجیکٹ پر عملدرآمد ہوگا۔