جموں//گورنر ستیہ پال ملک جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں ، نے شری ماتا ویشنو دیوی جی کی پوتر گپھا کا دورہ کر کے وہاں حاضری دی ۔ انہوں نے اس موقعہ پر ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی ۔ گورنر نے استھاپن پر بنیادی ڈھانچے کی سہولیات اور بورڈ کی طرف سے شردھالوؤں کیلئے بہم رکھی جا رہی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے وہاں طبی سہولیات ، سلامتی ، پانی ، بجلی اور صفائی ستھرائی جیسے امور کا تفصیل سے جائیزہ لیا ۔ بھون کے ماسٹر پلان اور استھاپن علاقے کیلئے ماسٹر پلان کی عمل آوری کا جائیزہ لیتے ہوئے گورنر نے بورڈ کے سی ای او سمرن دیپ سنگھ کو ہدایت دی کہ وہ ماسٹر پلان کے مختلف مدوں کی بروقت عمل آوری کو یقینی بنائیں تا کہ شردھالوؤں کیلئے سہولیات میں مرحلہ وار طریقے پر اضافہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے شردھالوؤں کو مفت رہایشی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے درگا بھون کی تعمیر میں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔ گورنر کو بھون ۔ بھیروں پسنجر روپ وے پروجیکٹ کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی ۔ گورنر نے اس کی تکمیل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔گورنر نے صفائی کرمچاریوں کے کام کی تعریف کرتے ہوئے اُن کی حوصلہ افزائی کیلئے اُن کے حق میں اڑھائی دن کی اضافی تنخواہ خصوصی مراعات کے طور پر دینے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اعلان سے صفائی کرمچاری مزید تندہی اور لگن کے ساتھ یاتریو ں کی خدمت کریں گے ۔ شرائین بورڈ کے ممبر بی بی ویاس بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس کے علاوہ ڈپٹی سی ای او امت برمانی ، ایس ڈی ایم بھون نریش کمار اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔