جموں//گورنر اِنتظامیہ نے مغل باغات اور بُرزہامہ میں نیولیتھک سائٹ کو عالمی ثقافتی ورثہ سائٹس کے طور پر ڈیز گنیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ا ِس سلسلے میں گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے اس تجویز کو آگے بھیجنے کے لئے لائحہ عمل پر بحث کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی اور نگرانی روہت کنسل ، پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت شیلندر کمار ، کمشنر سیکرٹری محکمہ تمدن محمد سلیم شیشگر ، ڈائریکٹر آرکائیوز ، آکیولوجی اور میوزیمز منیر الاسلام کے علاوہ کئی دیگر افسران موجود تھے۔میٹنگ میں کشمیر کے مغل باغات ارو برزہامہ کو یونیسکو کی طرف سے عالمی ثقافت قرار دئیے جانے سے متعلق فہرستوں پر تبادلہ خیال ہوا۔مغل باغات کو کشمیرمیں اپنی عظمت اور شان قائم رکھتے ہوئے دُنیابھر میں اپنا ایک مقام حاصل ہے۔بُر زہامہ کی سائٹ 3000 بی سی ا ی سے1000 بی سی ای تک اُس وقت عوامی زندگی کی ایک خاص تاریخ پیش کرتی ہے۔اِن سائیٹوں کی تاریخی اہمیت کے مد نظر انہیں یونیسکو فہرست کے عالمی ثقافتی ورثہ میں شامل کرنے سے اِن باغات اور نیو لیتھک سائیٹوں کی طرف بین الاقوامی توجہ اور ستائش حاصل ہوسکتی ہے۔اس کے علاوہ اِن سائیٹوں کی طرف عالمی سیاح ، محقق ، طلاب و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ راغب ہوں گے۔مشیرموصوف نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ جموں ، کشمیر اور لداخ میں موجود ثقافتی ورثوں اور جائیدادوں کی سروے عمل میں لا کر ایک فہرست تیار کریں ۔مشیر نے محکمہ تمدن سے کہا کہ وہ ڈوزیر تیار کرنے کے لئے کنسلٹنٹوں کی خدمات حاصل کرنے کے لئے ’’ ایکسپریشن آف انٹرسٹ ‘‘ جاری کریں اور یونیسکو کے ساتھ نامزدگیاں پُر کرنے کے لئے تعاون دیں۔