جموں//نٹرنگ تھیٹر فیسٹیول کے دوران ’سرکاری دفتر کا ایک دن ‘ہندی ڈرامہ پیش کیا گیا ۔لکشمی کانت کے لکھے ہوئے اس ڈرامے میں سرکاری دفاتر اور ان کے کام کاج کے بارے میں کئی چیزوں کو عیاں کیاگیا ہے ۔اس ڈرامے میں ایک ایسے سرکاری دفتر کے مناظر پیش کئے گئے جن میں تمام ملازمین اپنے ہی طرز سے کام کر رہے ہیں ۔اپنی مستقل نوکری کو دیکھتے ہوئے ملازمین میں وقت کی پابندی جیسی کو ئی چیز ہی نہیں جبکہ انہوں نے قوانین کو بھی اپنے طرز سے بنایا ہوا ہوتا ہے جس کی وجہ سے دفتر میں حاضری میں کوتاہی ،رشوت خوری ،بد عنوانی اور غفلت شعاری کو ڈرامے میں صاف ظاہر کیا گیا ہے ۔اس ڈرامے میں بتایا گیاہے کہ اعلیٰ آفیسران کی عدم توجہی کی وجہ سے ملازمین اپنے اپنے ایجنڈے کو لاگو کروانے اور چھوٹے ملازمین کا استحصال کر نے میں مصروف ہیں لیکن اسی دوران ویجی لینس آفیسران کے اچانک چھاپے کے دوران تمام ملازمین کو معطل کردیا جاتا ہے ۔اس ڈرامے میں برجیش اوتار ،سمت رینہ ،ادت ساگر ،ابھینو شرما ودیگران نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔