جموں //جموں یونیورسٹی کے شعبہ اقتصادیات کی جانب سے 22ویں سالانہ کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔بریگیڈیر راجندر سنگھ آڈٹیوریم میں منعقدہ کانفرنس کے افتتاحی پروگرام میںسنٹرل یونیورسٹی جموں کے وائس چانسلر بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے علاوہ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں اقتصادیات کے ماہر پروفیسر اتسا پٹنائیک بھی موجود تھے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملکی معیشت ناقص پالیسیوں کی وجہ سے انگریز وں کے دور میں قائم نو آبادیاتی طرز جیسی ہو چکی ہے جبکہ 1991 کے بعد اپنائی گئی پالیسیوں کی وجہ سے ملک معاشی اعتبار سے مضبوطی کی جانب گامزن ہی نہیں ہو سکا ۔انہوں نے کہاکہ ملک کی جانب سے سرمایہ کاری کے عمل کی جانب زیادہ توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے عوام براہ راست متاثر ہو ئے ۔انہوں نے کہاکہ اگر ملکی معیشت کو دیگر ممالک کی مناسبت سے زیادہ مضبوط کرنا ہے تو پالیسیوں کو دوبارہ سے مرتب کرنا پڑے گا ۔کانفرنس کے پہلے دن ریسرچ اسکالروں کی جانب سے کل 40پیپر پیش کئے گئے ۔