نئی دہلی//ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کے انفیکشن کے معاملوں میں تیزی سے اضافے کے درمیان پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 48661 نئے کیس سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی تعداد 1385522 ہوگئی ہے اور اس دوران 705 افراد کی ہلاکت کے ساتھ مجموعی طور پر مرنے والوں کی تعداد 32063 ہوگئی۔ سب سے متاثرہ مہاراشٹر میں انفیکشن کے 9251 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور 257 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 366668 ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 13389 ہے ۔تامل ناڈو میںاس عرصے کے دوران 6988 نئے معاملے اور 89 اموات کی اطلاع ملی، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 206737 اور مرنے والوں کی تعداد 3409 ہوگئی۔ قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وبا کی حالت اب کچھ قابو میں ہے اور یہاں انفیکشن کے معاملوں میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے ۔ دارالحکومت میں اب تک 129531 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 3806 ہوگئی ہے ۔ اب تک 113068 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔کرناٹک متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے ۔ ریاست میں 90942 افراد اس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور اس کی وجہ سے 1796 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔آندھرا پردیش میں متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے اس نے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کی فہرست میں اترپردیش اور گجرات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ ریاست میں 88671 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد 985 ہوگئی ہے ۔اتر پردیش کورونا انفیکشن کے معاملے میں گجرات کو پیچھے چھوڑ کر چھٹے نمبر پر آگئی ہے ۔
زرمبادلہ کے ذخائر نئی ریکارڈ سطح پر
ممبئی // ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 17 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے میں 1.27 ارب ڈالر اضافے سے 517.63 ارب ڈالر کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل چوتھے ہفتے اضافہ ہوا ہے ۔ اس سے قبل ، 10 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے میں ، یہ 3.11 ارب ڈالر بڑھکر 516.36 ارب ڈالر رہا تھا۔ریزرو بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، 17 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر کا سب سے بڑا جزو غیر ملکی کرنسی کے اثاثوں میں 1.24 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور یہ ہفتہ کے آخر میں 476.88 ارب ڈالر رہا۔
بہار میں سیلاب کا قہر جاری | ہزاروں لوگ حکومت کی مدد کے منتظر
پٹنہ// نیپال میں شدید بارش کے سبب بہار میں سیلاب سے تباہی مچ گئی ہے اور متعدد علاقوں میں ندیوں میں طغیانی نے سیلاب کی صورت حال کو انتہائی سنگین بنا دیا ہے۔ موتیہاری کے مسلم اکثریتی اسمبلی حلقہ نرکٹیا کی حالت بے حد خراب ہے۔ سینکڑوں گاؤں میں پانی داخل ہوگیا ہے اور ہزاروں لوگ حکومت کی مدد کا انتظار کررہے ہیں۔ اسپتال، اسکول، گھر سب پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ کسانوں کی کھیتی برباد ہو گئی ہے۔ باہر سے لوٹے علاقے کے مزدوروں کے پاس اب دو وقت کے کھانے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے اب تک اس علاقے میں راحت کیمپ نہیں بنایا گیا ہے۔نرکٹیا اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے ڈاکٹر شمیم احمد نے فوری طور پر ڈاکٹروں کی ٹیم علاقہ میں روانہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہوائی معائنہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ موتیہاری کے بنجریا بلاک کے سبھی گاؤں پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ نیپال میں لگاتار بارش ہونے کے سبب صورت حال مزید خراب ہوتی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ بنجریا سے نیپال کی دوری محض تیس کلومیٹر کی ہے اور پہاڑوں کی دوری پچاس کلومیٹر ہے۔