عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو نے منگل کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کا دورہ کیا اور گاندربل میں پیش آئے سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے یاتریوں کی صحت کی صورتحال کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران وزیر نے زیر علاج زخمی یاتریوں سے ملاقات کی اور انفرادی طور پر ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے یاتریوں کے تیمارداروں سے بھی بات چیت کی اور انہیں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔سکینہ ایتو نے اسپتال میں فراہم کیے جا رہے علاج کا جائزہ لیا اور ڈاکٹروں و سینئر افسران کے ساتھ زخمی یاتریوں کی طبی حالت، علاج کے عمل اور صحت یابی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیر نے کہا کہ یاتریوں کی صحت اور بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات، خصوصی علاج اور ضروری خدمات فراہم کی جائیں تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکیں۔انہوں نے کہا، “حکومت ہر زخمی یاتری کو اعلی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ضروری طبی امداد فراہم کی جائے گی۔”وزیر نے اسپتال حکام کو ہدایت دی کہ ہر مریض کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جائے اور ماہر ڈاکٹروں، ادویات اور دیگر ضروری طبی سہولیات کی چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر ڈائریکٹر SKIMS ڈاکٹر اشرف گنی نے وزیر کو بتایا کہ تمام زخمی یاتری مسلسل طبی نگرانی میں ہیں اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں انہیں جامع علاج فراہم کر رہی ہیں۔ادھر ایم ایل اے کنگن میاں مہر علی نے سکمز پہنچ کریاتریوں کی عیادت کی ۔ایم ایل اے موصوف نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ زخمی یاتریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کریں تاکہ وہ جلد صحت یاب ہوکر اپنے اپنے گھرو ںکو روانہ ہوسکیں۔