عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر کے بالہامہ علاقے سے تعلق رکھنے والے 25سالہ نوجوان کی لاش منگل کو دریائے جہلم سے برآمد کر لی گئی، جو مبینہ طور پر پانچ روز قبل سیمپورہ علاقے میں دریا میں کود گیا تھا۔حکام نے بتایا کہ متوفی نوجوان کی شناخت سجاد احمد میر ساکن بالہامہ سرینگر کے طور پر ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سجاد احمد میر نے 23جولائی کو سیمپورہ کے مقام پر دریائے جہلم میں مبینہ طور پر چھلانگ لگائی تھی، جس کے بعد فوری طور پر بڑے پیمانے پر تلاش اور بچا ئو کارروائی شروع کی گئی۔حکام کے مطابق نوجوان کی تلاش کے لیے مسلسل پانچ روز تک سرچ آپریشن جاری رہا، جس میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)کیو آر ٹی پانتہ چھوک، ایس ڈی آر ایف بٹالین ہیڈکوارٹرز سرینگر کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ مقامی رضاکاروں نے بھی حصہ لیا۔ریسکیو ٹیموں نے دریائے جہلم کے مختلف حصوں میں کشتیوں اور دیگر ذرائع سے تلاش جاری رکھی، جبکہ مقامی رضاکاروں نے بھی آپریشن میں تعاون کیا۔ کئی روز کی مسلسل کوششوں کے بعد منگل کو نوجوان کی لاش برآمد کر لی گئی۔حکام نے بتایا کہ لاش برآمد ہونے کے بعد اسے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا۔دریں اثنا، پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور معاملے کی مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔