عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ تقریباً900نوجوانوں نے یا تو روزگار حاصل کیا ہے یا سرینگر کے امر سنگھ کالج میں منعقدہ میگا روزگار میلے2026کے دوران انہیں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ عمر عبداللہ نے اسے جموں و کشمیر میں بے روزگاری سے نمٹنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ امرسنگھ کالج میں ریاستی سطح کے77ویں میگا جاب فیئر2026 کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کہا کہ تقریبا 470 نوجوانوں کو موقع پر ہی بھرتی کیا گیا ہے جبکہ دیگر 430 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ انٹرویو کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد انہیں تقرری کے احکامات موصول ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ امرسنگھ کالج میں منعقدہ میگا جاب فیئر کا ردعمل حوصلہ افزا رہا ہے، جس میں تقریبا5300نوجوانوں نے شرکت کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہم جموں و کشمیر میں بے روزگاری کو کم کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم اپنے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں جتنے زیادہ کامیاب ہوں گے، یہ جموں وکشمیر کے مستقبل کے لیے اتنا ہی بہتر ہو گا۔عمر عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ نوجوان ملازمت کے متلاشیوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے مواقع سے جوڑنے کے لیے جموں و کشمیر میں مزید میگا جاب میلے منعقد کیے جائیں گے۔