کپوارہ//اشرف چراغ //سب ضلع ہندوارہ میں ایک لاش پائی گئی جس کے بعد پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔سنیچروار کی صبح ہندوارہ میں مقامی لوگوں نے ایک لاش کوقصبہ میں دیکھا جس کے بعد پولیس کو مطلع کیاگیا۔پولیس کے مطابق لاش کی شناخت محمد امین تانترے ساکن کھنہ بل ہندوارہ کے طور ہوئی۔لاش کا پوسٹ مارٹم کرکے اُسے لواحقین کے سپردکرکے کیس درج کیا گیا اور معاملے کی تفتیش شروع کی گئی۔اس دوران متوفی کے لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ اُسے اغواکرکے قتل کیاگیا۔اُن کے مطابق جمعرات کو کسی نے محمد امین کو گھر سے بلایا اوراُس کے بعد اُسے لاپتہ کردیاگیااوروہ گھر واپس نہیں لوٹے ۔لواحقین کے مطابق اس کے بعدانہوں نے محمد امین کی تلاش شروع کردی،لیکن سنیچروارصبح تک انہیں محمد امین کاکہیں سے کوئی اَتہ پتہ نہیں ملااورسنیچروارصبح انہیں بتایا گیا کہ محمد امین کی لاش ہندوارہ قصبہ میں پڑی ہے ۔لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ اُسے اغواکرکے قتل کیا گیا ہے اور اس سارے معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات ہونی چاہیے اور قتل میں ملوث افراد کو فوری طور گرفتار کرکے کڑی سے کڑی سزادی جائے۔