تھنہ منڈی// ضلع راجوری میں محکمہ ایجوکیشن کی طرف سے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے لئے بیت الخلا تعمیر کئے جنکے عوض فنڈز فراہم نہیں کئے جسکی وجہ سے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم طلبا کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع راجوری میں سال 2019-20 میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی سہولت کے لئے پرائمری اسکول چرالی زون ڈھونگی، پرائمری اسکول چنی زون لوہر ہتھل،پرائمری اسکول کھر دینوں گجراں زون بلجرالاں، پرائمری اسکول ستھلا نگروٹہ زون بلجرالان، پرائمری اسکول لوہر ڈھکیاں زون تھنہ منڈی، پرائمری اسکول کنون والا زون بلجرالاں،پرائمری اسکول سجی بگلہ،پرائمری اسکول پٹیلی،پرائمری اسکول بیگو ہ ناڑہ زون تھنہ منڈی،پرائمری اسکول سحل،پرائمری اسکول چریالہ زون ڈنڈیسر،پرائمری اسکول سحر،پرائمری اسکول دھریاں،پرائمری اسکول جھنگڑ ھ زون نوشہرہ، مڈل اسکول اکھڑ زون موگلہ اور پرائمری اسکول راجدھانی زون تھنہ منڈی میں بیت الخلاء تعمیر کرنے کے احکامات دئے گئے۔ ضلع راجوری کے بیشتر سرکاری اسکولوں میں بیت الخلاء تعمیر کر دئے گئے لیکن زمین مالکان کو انکے عوض فنڈز فراہم نہیں کئے جسکی وجہ سے زمین مالکان نے ان بیت الخلائوں کو تالہ بند کر دیا۔ محکمہ تعلیم کی لا پرواہی کی وجہ سے پسماندہ علاقے میں زیر تعلیم طلبہ کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان مالکان کا کہنا ہے کہ بیت الخلاء کی تعمیر میں لگنے والا میٹریل مارکیٹ سے ادھار لیکر بیت الخلاء تعمیر کئے ہیں،گزشتہ کئی ماہ سے دفتروں کے چکر کاٹ کر تھک گئے ہیں۔۔محکمہ ایجوکیشن نے بیت الخلاء کی تخمینہ لاگت ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے مختص رکھی ہے۔ احکامات کے باوجود فنڈز واگزار نہیں کئے ہیں۔ اس ضمن میں جونیر انجینئر محمد شوکت نے بتایا کہ بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے فنڈس کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری سے معاملہ اٹھایا گیا ہے جبکہ انکی فائیل ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں کے پاس پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ AMFسکیم کے تحت رقوم فراہم ہونگے۔