ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں پیش آئے دلدوز سڑک حادثہ میں ایک نوجوان جاں بحق ہوا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق منگل کی صبح ساڑھے نو بجے کے قریب چلی سے گندوہ آرہی ایک نئی ایکو گاڑی سنوارہ کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر آٹھ سو فٹ نیچے گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں سجاد حسین ولد محمد حسین وانی ساکنہ سنوارہ (28)موقع پر ہی ہلاک ہوا۔ اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور مذکورہ نوجوان کی جسد خاکی کو کھائی سے نکالا۔اس دوران ڈاکٹروں نے طبی لوازمات مکمل کرکے آخری رسومات ادا کرنے کے لئے اسے وارثین کے سپرد کیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ نوجوان گھر کا واحد کمانے والا تھا ور اپنے پیچھے بزرگ والدین، دو چھوٹے بھائی، اہلیہ و ایک بیٹا چھوڑ گیا۔اس حادثہ پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔نہوں نے متاثرہ کنبوں کو معقول مالی امداد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ان میں سابق ایم ایل اے دلیپ سنگھ پریہار، سابق ایم ایل سی محمد اقبال بٹ، ڈی ڈی سی ممبران ندیم شریف نیاز، چوہدری محمد اقبال کوہلی، معراج الدین ملک، نیشنل کانفرنس بلاک صدر عمر الدین نیائک، سماجی کارکن محمد رفیع چوہدری شامل ہیں ۔