کشتواڑ+ڈوڈہ//چناب خطہ کے بالائی و میدانی علاقوں میں دوسرے روز بھی برفباری وبارشوں کا سلسلہ جاری رہا جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔ کشتواڑ میںجہاں کل دن بھر میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی وہیں سنیچر کو بھی بارشوں کا سلسلہ دوپہر تک جاری رہا جسکے بعد موسم میں ہلکی بہتری ہوئی۔ ضلع کے بالائی علاقوں میں بھی کئی انچ برفباری درج کی گئی جس کے سبب سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا۔اور درجہ حررات میں متواتر گرواٹ درج کی گئی۔جبکہ دوسرے روز بھی سنتھن ٹاپ پر کشتواڑ اننت ناگ قومی شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام متاثر رہا۔ بارشوں سے زمین دار طبقہ نے خوشی کی سانس لی ہے۔ میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے متعدد سڑکیں زیر آب آئیں جبکہ قصبہ کی کئی گلی کوچے گندے پانی سے بھرگئے جبکہ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے ۔قصبہ و دیگر علاقہ جات میں بجلی کی آنکھ مچولی سے عوام کو سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی محکمہ عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیتا ہے اور کئی گھنٹوں تک غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی کی جاتی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ سے بلا خلل بجلی سپلائی کو یقینی کی اپیل کی تاکہ عوام کی مشکلات میں اضافہ نہ ہو۔ادھرڈوڈہ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ دن بھر جارہی رہا جس کے نتیجے میں اگرچہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی تاہم کسانوں و زمینداروں نے اسے فصلوں کے لئے سود مند قراردیا۔تفصیلات کے مطابق پچھلے کئی دنوں سے مسلسل موسم خشک رہا تاہم جمعہ کی شب موسم میں تبدیلی آئی اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو اطلاعات کے مطابق ہفتہ کو دن بھر جاری رہی وہیں بھدرواہ و بھلیسہ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی. بارشوں کی وجہ سے رابطہ سڑکیں زیر آب ہو گئیں جبکہ ندی ن میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا۔ادھر کسانوں و زمینداروں نے بارش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے فصلوں کے لئے سود مند قرار دیا۔ نذیر احمد نامی ایک کسان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کافی دنوں سے تیز دھوپ سے موسم خشک ہوگیا تھا جو کہ زمینداری کے لئے نقصان دہ تھی تاہم انہوں نے کہا کہ بارشوں سے اگر چہ سردی میں اضافہ ہوا ہے تاہم زمیندار و عام لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔