جموں //پرنسپل سیکرٹری محکمہ بجلی روہت کنسل نے موسم گرما کیلئے تیاریوں کا جائیزہ لینے کیلئے جموں پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمٹیڈ ، کشمیر پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمٹیڈ اور جموں و کشمیر پاور ٹرانسمیشن کارپوریشن لمٹیڈ کی اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ کا انعقاد موسمِ گرما کے دوران قابلِ اعتماد اور بلا خلل بجلی کی ترسیل یقینی بنانے کیلئے کیا گیا تھا ۔ میٹنگ میں چئیر مین جے پی ڈی سی ایل ، جے کے پی ٹی سی ایل ، منیجنگ ڈائریکٹرز جے پی ڈی سی ایل اور جے کے پی ٹی سی ایل ، محکمہ کے چیف انجینئروں ،سپرانٹنڈنگ انجینئروں اور ایگزیکٹو انجینئروں نے شرکت کی ۔ دورانِ میٹنگ موسم گرما کے دوران بجلی کی بلا خلل ترسیل یقینی بنانے کیلئے قلیل و طویل مدتی اقدامات کرنے پر غور و خوض ہوا ۔ اس کے علاوہ میٹنگ میں مختلف جاری منصوبوں کی عمل آوری میں قانونی اور دیگر مسائل کے سبب تعطل پر بھی مفصل غور و خوض ہوا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے افسران کو بجلی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے بجلی کی ترسیلی صلاحیت میں اضافہ کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کیلئے کہا ۔ انہوں نے بجلی کے ترسیلی نظام کو فعال بنانے پر زور دیا تا کہ ہر تعمیر کئے گئے منصوبوں کے معقول ثمرات حاصل ہو سکیں ۔