جموں//انتظامی کونسل میٹنگ ، جو لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا کی صدارت میںمنعقد ہوئی، نے مکانات و شہرتی ترقی محکمہ کے شہری علاقوں کے بے گھر اور معاشی طور پسماندہ طبقہ جات سے وابستہ مستحقین کے حق میں بغیر سود کے دو لاکھ روپے کے قرضہ جات کی فراہمی کو منظور ی دی۔یہ قرضہ جات منصوبہ پردھان منتری آواس یوجنااربن کے تحت فراہم کئے جائیں گے ۔ بغیر سود کے قرضہ جات 1.66لاکھ روپے کی مالی معاونت، جو سکیم کے تحت مستحقین کو فراہم کی جاتی ہے، کے علاوہ ہے ۔اس رقم سے اب رہائشی یونٹوں کی تعمیر کے لئے 3.66لاکھ روپے کی رقم مستحقین کو دستیاب رہے گی۔اس سے قبل جموں وکشمیر یوٹی میں اس سکیم کے تحت مستحقین کے حق میں پیشگی 25فیصد رقم فراہم کی گئی تھی تاکہ وہ اپنے رہائشی یونٹوں کی تعمیر کا کام شروع کرسکے ۔سکیم کے تحت مستحقین کو یہ بغیر سود کے قرضہ کی ادائیگی کے لئے دس سال کی مدت مقرر کی گئی ہے جس کی ادائیگی ماہانہ 2500روپے کی اَقساط مقرر کی گئی ہے۔فی الوقت سکیم سے 41992مستحقین مستفید ہوں گے۔ ادھر اِنتظامی کونسل میٹنگ میں اے این ایم / جی این ایم سکولوں اور نرسنگ کالجوں کے سلسلے میں 119 اسامیوں کو معرض وجود میں لانے کی محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کی تجویز کو منظوری دے دی۔ اِن تعلیمی اور اِنتظامی اَسامیوں کو بھدرواہ ، بلاور، تھانہ منڈی ، سرنکوٹ ، اننت ناگ اور کوکر ناگ اے این ایم کے 6 سکولوں ، ڈوڈہ ، کٹھوعہ ، راجوری اور گاندربل کے 4 جی این ایم سکولوں اورپانچ نرسنگ کالجوں کے سلسلے میں تشکیل دینے کو منظوری دی گئی ۔ اِس فیصلے سے نرسنگ سیکٹر کے تحت فراہم کی جانے والی پیرا میڈیکل تعلیم اور خدمات کے معیار میں اِضافہ ہونے کی توقع ہے۔