گورنمنٹ مڈل سکول تھلا چھپڑ کی حالت ابتر | خستہ حال عمارت طلباء اور اساتزہ کی زندگی کیلئے بڑا خطرہ، حکام بے پرواہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ// سب ضلع کوٹرنکہ کے پنچات حلقہ بینمبل میں پانچ سکولوں میں سے ایک بغیر عمارت اور ایک مڈل سکول تھلا چھپڑ کی عمارت بچوں اور اساتذہ کی جان لینے کی منتظر ہے۔ مقامی سرپنچ محمد اقبال نے کہا کہ سکول کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہے جوسکول میں زیر تعلیم طلباء کیلئے بڑی خطرہ ناک ثابت ہوسکتی ہیں جبکہ بچوں کے ساتھ ساتھ اساتذہ بھی غیر محفوظ ہیں ۔سکول انتظامیہ کے مطابق سکول کی عمارت کی حالت انتہائی خراب ہے اور مرمت نہ ہونے کی وجہ سے خستہ ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ مڈل سکول چکلی تین کمروں کی عمارت کی تعمیر عرصہ پانچ سال سے چل رہی ہے اور گزشتہ سال چھت ڈال کر کام چھوڑ دیاگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکولوں کی خستہ حالی کے متعلق ہم نے متعدد بار محکمہ کے اعلی آفیسران کو مطلع کیا تاہم کوئی بھی پیش رفت نہ ہوئی۔اس سلسلے میں جب نمائندے نے جب چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری سے فون پررابطہ کرنے کی کوشش کی تو انہوںنے پہلے فون اٹھانے کی زحمت گوارا نہ کی اور دوبارہ فون کال اٹھانے پر انہوں نے یہ کہہ کر فون کاٹ دیا کہ کہ یہاں وہاں کا زیڈ ای او اور ہیڈ ماسٹر مرا ہوا ہے۔
ڈی وائی ایس پی منجیت سنگھ کو 18ویں برسی پر خراج عقیدت
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پولیس کی جانب سے ایتوار کے روز14مارچ2003میں روز عاشورہ پر آنند ہوٹل میں عسکریتی حملے میں مارے جانے والے ڈی وائی ایس پی سردار منجیت سنگھ کو ان کی18ویں برسی کے موقع پرخراج عقیدت پیش کیا۔انکی یادگاروقع منجیت سنگھ پارک بس اڈہ پونچھ پرایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال کی قیادت میںپولیس اہلکاران،معزز شہریوں ،سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے کارکنوں نے منجیت سنگھ ڈی وائی ایس پی کی یاگار پر گلہائے عقیدت نذر کئے۔اس موقع پرایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرد آہن سردارمنجیت سنگھ کے عظیم کارناموں کے لئے آج ٍپوری قوم ان کی شکرگزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2003جب پونچھ میں عزاداران حسین جلوس نکالنے والے تھے تو اس جلوس کو متاثر کرنے کے لئے ایک سازش کے تحت عسکریت پسندوں نے آنند ہوٹل پونچھ میں پناہ لی پولیس کو خبر ملی تو ہوٹل کا محاصرہ کیاگیا اس دوران عسکریت پسندوں کی جانب سے گولیاں برسانا شروع کیا گیا تو جوابی کاروائی میں پولیس نے بھی گولیا چلاکر ایک علاحدگی پسند مارگرایا ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران ڈی وائی ایس پی منجیت سنگھ بھی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے اور بعد میں انہوں نے ضلع ہسپتال پونچھ میں آخری سانس لی ۔
تھنہ منڈی میںMPGSYسڑکوں کے معاوضہ کی فراہمی کا مطالبہ
نمائندہ عظمیٰ
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی میں محکمہ PMGSY کے تحت تعمیر کی گئی سڑکوں کا معاوضہ فراہم کیئے جانے کی مانگ کی گئی ہے۔پردھان منتری گرام سڑک یوجنا سکیم کے تحت ہسپلوٹ تا ڈھوک سڑک جسکی لمبائی 10 کلو میٹر ہے اور جسکا کام جنوری 2013 میں شروع ہوا تھا،آٹھ برس میں مکمل نہ ہو سکا اور نہ ہی زمین مالکان کو ابھی تک معاوضہ ملا۔ زمین کے مالکان نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا ً8 برس سے زائد گذر چکا ہے،کئی بار زمینوں کے کاغذات بھی دئیے مگر تا حال سڑک میں آئی زمینوں کا معاوضہ نہ ملا۔ایک اور سماجی کارکن نے بتایا کہ محکمہ کو کئی مرتبہ کاغذات دینے کے بعد بھی زمینوں کا معاوضہ نہ ملا ہے۔ انھوں نے کہا کہ غریب لوگوں نے جن کہ پاس زمینیں بہت کم ہیں اور لوگ کھیتی باڑی کر اپنا گذر بسر کرتے تھے مگر محکمہ کی طرف سے نہ تو پیسہ ملا اور نہ ہی کھیتی باڑی کے قابل چھوڑا۔ عوام کا کہنا ہے کہ محکمہ ان وجوہات کی نشاندہی کروائے جس وجہ سے معاوضہ نہیں دیا جا رہا۔اس بارے جب ایس ڈی ایم تھنہ منڈی ڈاکٹر ذاکر حسین سے بات کی گئی تو انھوں نے کہا کہ اس سڑک کی زد میں آئی زمینوں کے چند مالکان نے اعترضات پیش کئے تھے جس وجہ سے معاوضہ دینے میں تاخیر ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ مال کی طرف سے نشاندہی مکمل کرنے کے بعد ہی معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
درہال میں خاتون کی مارپیٹ ، ہسپتال داخل
راجوری//زمین کے تنازعہ پر کچھ دیہاتیوں کے ذریعے پیٹنے کے بعد ایک خاتون کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت شبینہ اختر دختر علی محمد ساکن گاؤں کھوریالی درہال کے نام سے ہوئی ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ کسی تنازعہ پر کچھ دیہاتیوں نے خاتون کا زدوکوب کیا جس کے بعد اسے مقامی ہسپتال لے جایا گیاجہاں سے اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری ریفر کیا گیا۔
موٹرسائیکل سوار تیزرفتار منی بس کی زد میں آکرلقمہ اجل
جموں//ایک تیز رفتار منی بس کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار ہلاک اور اس کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم ڈرائیور چمن لال ، جو حادثے کے موقع سے فرار ہوگیا ، کو گرفتار کرلیا گیا اور اس کی گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔انہوں نے بتایا کہ یش پال اور اس کی اہلیہ تریپتا دیوی ساکنان اکھنور کوہفتے کے روز گمپول پر ایک بس نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ان دونوں کو شدید زخمی کردیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں یشپال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ترجمان نے بتایا کہ ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا اور ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے ملزم ڈرائیور کو گرفتار کرکے اس کے انکشاف پر گاڑی کو ضبط کرکے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹ اینڈ رن کیس کو حل کیا۔
دھیری رلیوٹ میں پبلک دربار منعقد
پرویز خان
منجاکوٹ//تحصیل منجاکوٹ کے دھیری رلیوٹ علاقہ میں وائس چیئرمین راجوری و ڈی ڈی سی ممبر و سابق وزیر شبیر احمد خان کی قیادت میں پبلک دربار منعقد ہوا جہاں کافی لوگوں نے شرکت کی۔موصوف کے ہمراہ مختلف محکموں سے وابستہ افسران موجود تھے۔ جہاں لوگوں نے اپنے جائز مطالبات موصوف کے سامنے رکھے وہیں موصوف نے تمام مسائل سننے کے بعد افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ بجلی، سڑکیں اور راشن جیسی سہولیات کو بھی یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو کوئی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دیول میں بابا میاں اعظیم کا سالانہ عرس منایا گیا
زاہد ملک
مہور//ہر سال یکم چیت کو دیول گلابگڑھ میں بابا میاں اعظیم کی زیارت پر عرس منایا جاتا ہے جو اس سال بھی منایا گیا۔عرس میں گلابگڑھ کے علاوہ مختلف اظلاع سے عقیدت مندوں نے شرکت کی۔سینکڑوں کی تعدد میں اس عرس میں عقیدت مند موجود تھے۔ہفتہ رات سے ہی یہاں پر ختم شریف پڑھنے کا سلسلہ شروع ہوا جو اتوار سہہ پہر تک جاری تھا ۔عرس پر موجود مولوی طارق احمد اور شبیر احمد نے اس عرس مبارک پر روشنی ڈالی اور تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔
پونچھ میں بارشوں کا سلسلہ جاری
حسین محتشم
پونچھ //پونچھ میں اتوار کو بھی رک رک کربارشوں کا سلسلہ جاری رہا ہے۔اس دوران بالائی علاقوں میں کچھ مقامات پر برف باری کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ گزشتہ چند روز سے ضلع پونچھ کے میدانی علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہنے سے معمولات زندگی متاثر رہے۔مسلسل بارشوں کے سبب کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں جبکہ درجہ حرارت میں بھی گراوٹ درج کی گئی ہے۔اس دوران مختلف علاقوں کو جانے والی خستہ حال سڑکوں نے ایک بار پھر ندی نالوں کی صورت اختیار کر لی جس کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برفباری کا سلسلہ مزید کچھ روز تک اور جاری رہے گا۔
پونچھ میںسڑک حادثہ میں چار افراد زخمی
حسین محتشم
پونچھ//ریاست جموں کشمیرکے ضلع پونچھ کے گائوں چکترو میں ایک سڑک حادثے میں چار افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے ۔یہ حادثہ چنڈک کے چکترومیںپونچھ منڈی شاہراہ پر پیش آیا، جب ایک سوفٹ کار زیر نمبرJK127987حادثہ کا شکار ہوئی،اس کی اطلاع راہ گیروں نے فوراً پولیس کو دی،اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کوراجہ سکھ دیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ پہنچا کر داخل کرایا گیا جہاں پر ڈاکٹرز ان کا علاج معالجہ کر رہے ہیں ۔زخمی ہونے والے افراد کی شناخت مشتاق احمد ولد محمد حسین ساکن چکترو،رضیہ بی زوجہ محمد اسلم ساکن چکترو،محمد رفیع ولد محمد شفیع ساکن چکترو اور رضیہ بی زوجہ محمد رفیع ساکن چکتروکے طور کی گئی ہے۔کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
مختلف پارٹیوں کے لیڈران کی بی جے پی میں شمولیت
حسین محتشم
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی سے متاثر ہو کر مختلف جماعتوں کے لیڈران نے ایتوار کو اپنی پارٹیوں کو خیر آباد کہہ کر بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس حوالے سے پارٹی کے ضلعی دفتر پونچھ میں ضلع صدر انجینئرمحمد رفیق چستی کی قیادت میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں سابق ایم ایل سی پردیپ شرما، جموں کشمیر کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان سنیل گپتا اور دیگر لیڈران نے شامل ہونے والے تمام لیڈارن کا ہار پہنا کر استقبال کیا۔انجینئر محمد رفیق چستی نے اس دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کی وجہ سے لوگ بھارتیہ جنتا پارٹی میں جوک درجوک شامل ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام شامل ہونے والے لیڈران کا استقبال کرتے ہیں۔
ڈھلیری میں منشیات مخالف پروگرام منعقد
محمد بشارت
کوٹرنکہ// بلاک خواص کے پنچایت حلقہ ڈھلیری میںمنشیات مخالف پروگرام منعقد کیاگیا جس میںمعزز شخصیات کے علاوہ نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو اس دور میں نشے سے بچانے کے لیے تعلیم کی طرف راغب کریں۔انہوں نے کہا کہ آج نوجوانوں میں نشہ کی لت لگ چکی ہے جو ہم سب کے لیے باعث تشویش ہے ۔سرپنچ کلبیر سنگھ نے کہا کہ اج حکومت پنچایت سطح پر اس طرح کے آگاہی پروگرام منعقد کر کے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ مرد و خواتین کو بیدار کر رہی ہے۔